گورکھپور (نامہ نگار)راشٹریہ نشاد ایکتا پریشد کے زیر اہتمام کثیر تعداد میں تنظیم کے لوگوں نے جلوس نکال کر کلکٹریٹ دفتر پر حکومت کے خلاف ضلع صدر کی قیادت میں سماجوادی پارٹی کی حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین میں وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کا پتلا نذرآتش کیا۔ اس موقع پر ایک عوامی جلسہ بھی منعقد کیا گیا۔را
شٹریہ نشاد ایکتا پریشد کے قومی صدر ڈاکٹر اجے کمار نشاد نے پریس کو جاری ایک بیان میں سماجوادی پارٹی حکومت پر عوام کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری ۱۹۶۱کے تحت مختلف ذاتوں کو درجہ فہرست ذات کا سرٹیفکیٹ دینے کے لئے سرکاری حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔ اسی نوٹیفکیشن میں مجھاور ذات کو درجہ فہرست کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔اس سلسلہ میں راشٹریہ نشاد ایکتا پریشد کے ایک وفد کو وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا تھا کہ دودنوں کے اندر مذکورہ حکم نامہ میں ترمیم کرکے نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔ لیکن اکھلیش یادو کی حکومت کی نیت صحیح نہ ہونے اور انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کا بہانہ بناکر اس معاملہ کو ٹال دیاگیا۔ اور اب کابینی وزراء کے ذریعہ نشاد سماج کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن سماج اب گمراہ نہیں ہوگا اور تحریک شروع کرنے کے لئے سماج کے لوگ کمربستہ ہوگئے ہیں۔کارکنان نے انتظامیہ کو منتبہ کیا کہ عدالت کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے ذاتوں کے سرٹیفکیٹ جاری کئے جائیں۔ اگر ان کے مطالبات کو تسلیم نہیں کیا گیاتو دھرنامظاہرہ اور بھوک ہڑتال کی جائے گی۔