بارہ بنکی (نامہ نگار)مہیلا سبھا کے جلسہ میں تقسیم کئے گئے کپڑے سماجوادی پارٹی کے لئے پریشانی کا سبب بن گئے ہیں۔ پیس پارٹی کے امیدوار راجیش ودیارتھی نے ضلع الیکشن افسر و چیف الیکشن کمشنر کو شکایتی خط میںالزام عائد کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا مطالبہ کیاہے۔ اس سلسلہ میں پیس پارٹی کے ضلع صدر نے بتایا کہ سماجوادی پارٹی کے ضلع صدر مولانا معراج ، وزیر مملکت اروند سنگھ گوپ، چیئر مین دھیریندر ورما، صدر رکن اسمبلی سریش یادو وغیرہ نے ووٹروں کو لالچ دینے کے لئے پارٹی دفتر پر کپڑے اور مٹھائی تقسیم کرائی جو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔اس موقع پر پارٹی کے ضلع صدر مسعود ریاض ،سندیپ بالمیکی ، برجیش راوت،ریاض انصاری ،پرویز قدوائی ، فرحان وارثی وغیرہ موجودتھے۔ اس سلسلہ میں سماجوادی پارٹی کے ضلع صدر سے بات کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ وہ جلسہ میں موجود نہیں تھے انہوں نے کہا کہ کپڑے تقسیم کرنے کی خبر سراسر غلط ہے۔جبکہ ایس ڈی ایم شیو سہائے اوستھی نے بتایا کہ تحصیلدار کے ذریعہ جانچ میں الزام کی تصدیق ہوگئی ہے۔ ضلع صدر وجنرل سکریٹری کو نوٹس جاری کرکے گواہ طلب کیا گیاہے۔