لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ روزانہ نئے نئے افتتاح کئے جانے ، شہر بنانے اور پروجیکٹ کی تیاری کا اعلان کر کے سماج وادی پارٹی کی حکومت عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ پہلے سے ہی راجدھانی لکھنؤ جیسے شہر میں رہنے والے عوام پانی ، بجلی ، سڑک ، صحت جیسے مسائل سے دو چار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کانگریس کے میڈیا سکریٹری وجے سکسینہ نے کرتے ہوئے کہا کہ قتل ، لوٹ اور ڈکیتی جیسے مسائل سے پوری ریاست سہمی ہوئی ہے، ریاست کی
خواتین غیر محفوظ ہیں۔ رات کو کیا کہا جائے دن میں بھی عورتوں کا نکلنا محال ہے۔ دن دہاڑے تیزاب پھینکنے سے لیکر اسکولی طلباء و طالبات کو اغوا کئے جانے کی وارداتیں ہو رہی ہیں۔ ریاست کے عوام کی توجہ ان مسائل سے ہٹانے کیلئے وزیر اعلیٰ ترقیات کا جھوٹا خواب دکھانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام کوموجودہ وزیر اعلیٰ سے کافی امیدیں وابستہ تھیں لیکن سبھی طبقے اب مایوس نظر آرہے ہیں۔ کسانوں کو مفت بجلی مہیا کرانے کا اعلان جوں کا توں ہے۔ بہتر قانونی نظام کے نام پر قتل ، لوٹ، ڈکیتی اور خواتین کے ساتھ زیادتیوں کے واقعات سماج وادی پارٹی حکومت کی پول کھول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راجدھانی لکھنؤ میں چاہے وہ تعلیم دوست ہوں یا مزدور ، منریگا کے ملازمین ہوں یا اسکول کا مڈ دے میل ہو سب اپنے جائز مطالبات کیلئے مہینوں سے تحریک چلا رہے ہیں لیکن ریاستی حکومت ان لوگوں کے مسائل سننے کے بجائے ان پر لاٹھیاں چلاکر جمہوریت کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی عوام مخالف حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی بھی حق نہیں ہے۔