بارہ بنکی (نامہ نگار)صدر رکن اسمبلی دھرم راج سنگھ نے ترقیاتی بلاک دیویٰ میں ۲۵۰۰مفت کمبل غریبوں میں تقسیم کئے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کی حکومت کا خاص مقصد ریاست کے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کی قیادت میں اترپردیش کو ہندوستان کا ’اتم پردیش‘بناناہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں میں کمبل تقسیم کرنے کا مقصد یہ ہے ک
ہ انہیں کچھ راحت مل سکے۔
حکومت غریبوں کی ترقی کے ساتھ ساتھ باوقار طریقہ سے خواتین کو ساڑیاں وکمبل تقسیم کرنے جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں غریبوں کا احساس ہے کیونکہ جو لوگ غریبی سے سیاست کے اعلیٰ مقام تک پہنچے ہیں اور جن کی پیدائش امیر گھرانوں میں ہوئی ہے انہیں کیا معلوم کہ غریبی کیا ہوتی ہے۔ امیر لوگ تو آزادی کے بعد سے ہی غریبی کو ختم کرنے کا نعرہ دیتے آرہے ہیںجبکہ انہوں نے صرف بدعنوانی کے گھوٹالے کئے ہیں ۔ حکومت نے بے روزگاروں کو بے روزگاری بھتہ دینے کے علاوہ کوشل وکاس مشن کے تحت روزگار مہیا کرانے کا بھی کام کیا ہے۔
مزدوروں کا بیمہ کرایا جارہاہے جبکہ سابقہ بی ایس پی حکومت نے انسانی درد کو محسوس نہ کرتے ہوئے ترقی کا تمام پیسہ پتھروں اور مجسموں پر خرچ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس پی حکومت نے سیاست میں کبھی بھی دلتوں کو آگے بڑھنے کا موقع نہیں دیا ہے۔ ایسی حکومت کو آپ نے اکھاڑ پھینکا اور ہمیں بہتر حکومت بنانے کا موقع دیا۔ مسٹر سنگھ نے آئندہ ہونے والے پارلیمانی انتخاب میں سماجوادی پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنانے اور ملائم یادو کے ہاتھوں کو مضبوط بنانے کی اپیل کی۔ ضلع صدر مولانا معراج احمد نے کہا کہ پارٹی کے سربراہ نے ہمیشہ کسانوں، غریبوں، مزدوروں اور بے سہارا لوگوں کو حق کے لئے جدوجہد کی ہے۔ وہ ہمیشہ سماجی امتیاز کے خلاف جدوجہد کرتے رہتے ہیں۔ جلسہ کو کوآپریٹو بینک کے علاقائی نائب صدر دھیرندر کمار ورما، سماجوادی پارٹی کی پارلیمانی حلقہ کی امیدوار راج رانی راوت ، سابق علاقائی سکریٹری طارق قدوائی، ضلع جنرل سکریٹری انل یادو، ضلع سکریٹری نسیم کیرتی ، اسمبلی حلقہ صدر کامتا یادو نے بھی جلسہ کو خطاب کیا۔