لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ بی جے پی نے کہا ہے کہ ریلیوں میں اکھلیش حکومت کی حصولیابیوں کی برابری گجرات و نریندر مودی سے کرنے کا دعویٰ کرنے کے بعد سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو اب خود ہی کہہ رہے ہیں کہ حکومت کی وجہ سے پارٹی کمزور ہو رہی ہے۔ پارٹی کے ترجمان وجے بہادر پاٹھک نے کہا کہ دونوں میں سے کوئی بات غلط ہے ۔ در اصل پارٹی میں گروپ بندی اور حکومت میں شامل وزراء کی موج مستی کے سبب مسلسل سماج وادی پارٹی کی مقبولیت کم ہون
ے سے فکر مند سماجوادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کا بیان حقیقت کو تسلیم کرنا ہے۔ پارٹی کے صدر دفتر پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بی جے پی کے ریاستی ترجمان وجے بہادر پاٹھک نے کہا کہ ریلیوں میں ترقی کے فرضی اعداد و شمار پیش کرنے والی سماج وادی پارٹی کو اس بات کا علم ہے کہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ کاغذوں پر سنگ بنیاد، ترقیاتی کاموں ، اطلاعات محکمہ کے اشتہارسے اخبارات کے صفحات سیاہ ہو رہے ہیں۔ سڑکوں کی خراب خستہ حالت سے بھی عوام واقف ہیںاور ابھی جب بی جے پی کی ریلیوں سے برابری کے معاملہ میں حکومت کے وسائل کے ذریعہ سماج وادی پارٹی کی ریلی ہوئی تو اس میں یہ حقیقت عوام پر واضح ہو گئی۔
حکومت بجلی ، پانی اور سڑکوں جیسی بنیادی سہولیات پر توجہ نہیں دے رہی ہے اور حقیقت کو سماج وادی پارٹی کی قیادت بخوبی سمجھ رہی ہے اور یہی حقیقت اب زبان پر بھی ظاہر ہونے لگی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں سپر سی ایم کے طور پر کام کرنے والے پارٹی کے سربراہ خود کہہ رہے ہیں کہ وزراء موج کر رہے ہیں ،حکومت میں خوشامد پسندی سے کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے تو یہاں تک کہاکہ کام نہ کرنے والے وزراء کو ہٹا دیاجائے گا لیکن یہ کب ہوگااس کا علم کسی کو نہیں ہے۔ مسٹر پاٹھک نے پارٹی سربراہ سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ بہتر ہے کہ وہ خود یہ دیکھ لیں کہ انہوں نے اب تک کتنی مرتبہ نصیحتیں دی ہیں اوران کا کتنا اثر پارٹی اور حکومت پر ہوا۔ انہوں نے کہاکہ نصیحتوں کا دور مسلسل جاری ہے کیونکہ حکومت کی تشکیل کے بعد پارٹی سربراہ نے نصیحتیں دینی شروع کردی تھیں لیکن دو برس گزرنے کے بعد بھی نصیحتوں کا کوئی اثر نہیںہوا ہے اور نہ ہی نصیحتیں کم ہوئی ہیں۔