فیض آباد۔ (نامہ نگار)۔ وزیر مملکت برائے تفریحی ٹیکس تیج نرائن پانڈے پون نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کے ذریعہ پوری ریاست میں چلائے جا رہے عوامی بہبود کے منصوبوں سے سبھی طبقوں کو فائدہ مل رہا ہے۔ پارٹی کارکنان اور رہنما حکومت کے ذریعہ چلائے جا رہے بہبودی منصوبوں کو عوام میں بتانے کا کام کریں۔ مسٹر پانڈے پارٹی دفتر لوہیا بھون پر کارکنان کو خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے ذریعہ جو بھی منصوبے چلائے جا رہے ہیں وہ منصوبے ملک کی کسی بھی ریاست میں نہیں چل رہے ہیں۔ اگر کارکنان مجموعی ترقیاتی کاموں کو عوام میں پہنچا دیں تو پارلیمانی انتخابات میں سماج وادی پارٹی امیدوار مترسین یادو کی کامیابی طے ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کے راستے پر لے جانے کیلئے سماج وادی پارٹی سپریمو ملائم سنگھ یادو کو ملک کا وزیر اعظم بنانا ہے ۔سماج وادی پارٹی ضلع ترجمان چودھری بلرام یادو نے کہا کہ اجودھیا اسمبلی حلقہ صدر اشوک ورما نے اسمبلی حلقہ کے بوتھ سطح کے سبھی کارکنان اور عہدیداران چوبیس مارچ کو شہید بھون پر مرکزی دفتر سماج وادی پارٹی دفتر کا افتتاح
ہوگا جس میں سبھی پارٹی کارکنان اور رہنما موجود رہیں گے۔ اس موقع پر ضلع نائب صدر بابو رام گوڑ، ترجمان چودھری بلرام یادو، یوتھ انچارج حیات شمیم، پنکج پانڈے، وصی احمد، رمیش یادو سمیت دیگر افراد موجود تھے۔