لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ اترپردیش کے وزیر اعلیٰ اکھلیش یاد ونے اقتصادی طور پر کمزور افراد کو سماج وادی پنشن اسکیم کا آغاز کیا ہے۔ مذکورہ اسکیم کے تحت ریاست کے چالیس لاکھ کنبوں کو ۵۰۰ روپئے ماہانہ شرح سے ای پیمنٹ کے توسط سے پنشن فراہم کرائی جائے گی۔ پنشن کے تحت سالانہ پچاس روپئے اضافی رقم دی جائے گی اور زیادہ سے زیادہ پنشن کی رقم ۷۵۰ روپئے ماہانہ ہوگی۔ ریاست کے وزیر سماجی بہبود اودھیش پرساد نے آج مذکور
ہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ سماج وادی پنشن اسکیم کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں غریبی کیلئے بی پی ایل یا انتیودے کی لازمی شرط نہیں ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ اسکیم کے تحت دس لاکھ اقلیتی طبقہ کے مستفیدین ، بارہ لاکھ درج فہرست ذات و قبائل نیز اٹھارہ لاکھ دیگر پسماندہ طبقات و جنرل طبقہ کے مستفیدین کا انتخاب کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اسکیم میں شامل ہونے کیلئے درخواست فارم کنبہ کی خاتون سرپرست کے ذریعہ بھرا جائے گا۔ خاتون سرپرست نہ ہونے کی صورت میں مرد سرپرست کے ذریعہ درخواست دی جا سکے گی۔ دیہی علاقوں میں غریب کنبوں کی سرپرست سے گرام پنچایت سطح پر درخواست فارم طلب کئے جائیں گے۔ درخواست فارم گرام پنچایت سطح پر گرام پردھان؍ گرام پنچایت سکریٹری ، سکریٹری ترقیاتی بلاک کے آفس اور تحصیل آفس سے مفت حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ وزیر سماجی بہبود نے بتایا کہ مستفیدین کا انتخاب نشر و اشاعت کے بعد گرام پنچایت کے جلسہ میں شفاف طریقہ سے کرایا جائے گا۔ گرام پنچایت کے ذریعہ منظور مستفیدین کی فہرست کو آخری شکل دینے کیلئے ضلع مجسٹریٹ کی قیادت میں تشکیل ضلع سطحی کمیٹی میں انتخاب کی تجویز رکھی گئی ہے۔ مذکورہ کمیٹی میں سی ڈی او ممبرسکریٹری، ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ، سٹی کمشنر ، ایگزیکٹیو افسر، ضلع اطلاعات سائنس افسر، چیف یڈیکل افسر، ضلع بیسک تعلیم افسر، ٹریزری افسر، ضلع سماجی بہبود افسر اور ضلع کے تمام ایڈیشنل مجسٹریٹ کمیٹی کے رکن ہوں گے۔ اسکیم کا فائدہ حاصل کرنے والے مفلس کنبہ کے ممبر کی کمپیوٹرائزڈ تفصیلات تیار کی جائے گی جس میں ان کے اقتصادی، تعلیم، طب و صحت وغیرہ سے متعلق اطلاعات درج ہوں گی۔ مسٹر پرساد نے بتایا کہ حکومت کی سطح پر سماج وادی پنشن اسکیم پر نگرانی کیلئے چیف سکریٹری کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل کی گئی ہے۔ کمیٹی میں پرنسپل سکریٹری مالیات، پرنسپل سکریٹری؍ سکریٹری شہری ترقیات، پرنسپل سکریٹری منصوبہ بندی، پرنسپل سکریٹری صحت، پرنسپل سکریٹری؍ سکریٹری بیسک تعلیم، پرنسپل سکریٹری؍ سکریٹری خواتین و اطفال ترقیات محکمہ، پرنسپل سکریٹری؍ سکریٹری محکمہ پیشہ وارانہ تعلیم، پرنسپل سکریٹری محکمہ دیہی ترقیات، پرنسپل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود کو ممبر نامزد کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پرنسپل سکریٹری سماجی بہبود کو مذکورہ کمیٹی کا رکن سکریٹری بنایا گیا۔