لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ سماج وادی پنشن اسکیم کے تحت لوگوں کو پنشن دلانے کے نام پر ٹھگی کرنے والے دو جعلسازوں کو جمعرات کی دوپہر بخشی کا تالاب پولیس نے ایک گاؤں سے گرفتار کیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے سماج وادی پنشن اسکیم کے ۱۳۰ فارم، لیپ ٹاپ ، موبائل فون، ایک اسکارپیو گاڑی اور کچھ روپئے برآمد کئے ہیں۔
ایس او بی کے ٹی وجے شنکر یادو نے بتایا کہ کافی دنوں سے اطلاع مل رہی تھی کہ کچھ لوگ گاؤں والوں سے سماج وادی پنشن اسکیم کا فائدہ دلانے کے نام پر روپئے وصول رہے ہیں۔ تفتیش کے دوران جمعرات کو بی کے ٹی پولیس کو پتہ چلا کہ گہنہ کلاں گاؤں میں کچھ لوگ سماج وادی پنشن اسکیم دلانے کے نام پر لوگوں سے فارم بھرا رہے ہیں اور فی فارم وہ لوگ ۲۰۰ روپئے بھی وصول کر رہے ہیں۔ اس اطلاع پر بی کے ٹی پولیس موقع پر پہنچی تو گاؤں میں ایک اسکارپیو پر سوار دو لوگ سماج وادی پنشن اسکیم کے فارم بھرواتے ملے۔ پولیس نے دونوں کو موقع سے ہی گرفتار کر لیا۔ تلاشی کے دوران پولیس کو ان کے قبضہ سے سماج وادی پنشن اسکیم کے ۱۳۰ فارم، لیپ ٹاپ، موبائل فون اور دو ہزار روپئے و دیگر دستاویز ملے۔ پوچھ گچھ کی گئی تو پکڑے گئے جعلسازوں نے اپنا نام جانکی پورم کے تروینی نگر مسلم نگر میں رہنے والا محمد عارف اور نسیم احمد بتایا۔ ملزمین نے بتایا کہ وہ لوگ اب تک درجنوں افراد سے پنشن دلانے کے نام پر ٹھگی کر چکے ہیں۔
پنشن کے فارم پر ملے بچوں کے فوٹو:- سماجوادی پنشن اسکیم ضعیفوں کو مالی مدد دینے کیلئے بنائی گئی ہے۔وہیں جعلسازوں کے قبضہ سے برآمد فارم پر بزرگوں کے ساتھ ہی بچوں کی فوٹو بھی فارم پر لگی ملی۔ گاؤں والوں نے پولیس کو بتایا کہ ملزمین نے بچوں اور دیگر افراد کو بھی اس پنشن اسکیم کا فائدہ دلانے کی بات کہی تھی۔ اب تک کی گئی تفتیش میں پولیس کو پتہ چلا ہے کہ ملزمین نے بی کے ٹی کے مرزاپور گہنہ کلاں ، نہرن پور، رسول پور، استی اور اکرامئو گاؤں کے رہنے والے لوگوں کو ٹھگا ہے۔ بی کے ٹی پولیس اب اس بات کا پتہ لگا رہی ہے کہ ملزمین کے ساتھ کہیں مزید لوگ تو شامل نہیں ہیں۔
خود کو بتایا کل ہند برہمن سبھا کا ریاستی صدر:- ملزمین کے قبضہ سے برآمد اسکارپیو پر کل ہند برہمن سبھا کے ریاستی صدر کا اسٹیکر لگا تھا۔ ملزمین نے پہلے تو بی کے ٹی پولیس کو رعب میں لینے کی کوشش لیکن ان کا رعب زیادہ دیر تک پولیس پر نہیں چل سکا۔ وہ لوگ خود کو اونچی پہنچ دکھاکر گاؤں والوںکو اپنے جال میں پھنسا لیتے تھے اور پھر ان سے روپئے اینٹھتے تھے۔