لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے آج اسمبلی ضمنی انتخابات میں فتح حاصل کرنے والے سماج وادی پارٹی کے نو منتخب رکن اسمبلیوں ٹھاکردوار سے نواب جان خاں ، بلہا سے بنشی دھر بودھ اور سراتھو سے واچسپتی پاسی کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخابات میں سماج وادی پارٹی کو حمایت دینے کیلئے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ سماج وادی حکومت ترقیات اور سماجی خیر سگالی کے ذریعہ عوام کا بھروسہ بنائے رکھے گی۔
یہاں پانچ کالی داس مارگ واقع سرکاری رہائش گاہ پر وزارت محنت کے ذریعہ رجسٹرڈ مزدوروں کے مفاد میں سرکاری اسکیموں کے آغاز اور افتتاح کے موقع پر منعقد پروگرام میں بولتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا کہ ریاست کے عوام سمجھ گئے ہیں کہ سماج وادی پارٹی ہی ملک اور سماج کی ترقی کا کام کر سکتی ہے۔ سماج وادی پارٹی لوگوںکو جوڑنے کا کام کرتی ہے۔ مسٹر یادو نے کہا کہ ریاست کے عوام نے ملائم سنگھ یادو پر یقین جتایا ہے۔ سماج وادی حکومت پوری محنت اور ایمانداری سے عوام کے مفاد اور ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھائے گی جس سے عوام نے سماج وادیوں پر جو یقین جتایا ہے وہ بنا رہے۔
مسٹر یادو نے پارٹی لیڈروں اور وزراء کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ ضمنی انتخابات میں سماج وادی لیڈروںنے زبردست محنت کی۔ حکومت کے کاموں اور پارٹی کی پالیسیوں کو لیکر لیڈران اور کارکنان عوام کے درمیان گئے اور عوام نے ان پر بھروسہ کیاجس کیلئے وہ شکر گزار ہیں۔ انہوں نے بی جے پی لیڈروں پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ لباس بدل کر سیاست کرنے والوں کو عوام نے پوری طرح سے مسترد کر دیا ہے۔