فرخ آباد: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اور اتر پردیش کے وزیر اعلی اکھلیش یادو نے آج کہا کہ سماج وادیوں کے کہنے اور کرنے میں فرق نہیں ہے ان’ کاکام بولتا’ ہے ۔
مسٹر یادو نے آج ضلع فرخ آبادکے امرتپور علاقے میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماج وادیوں کا کام بولتا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سماج وادی لوگ صرف ریڈیو پر من کی بات نہیں کرتے وہ صرف کام کرتے ہیں۔وزیر اعلی نے کہا کہ مسٹر مودی نے سال 2014 میں لوک سبھا انتخابات کے دوران کہا تھا کہ اچھے دن آئیں گے ۔کیا لوگوں کو اپنے ہی پیسوں کو لینے کے لئے لائن میں سارے دن کھڑے رہنا ہی اچھے دن ہے ۔بی جے پی حکومت اپنے وعدوں پر کھری نہیں اتری۔ نوٹوں کی منسوخی کے بہانے اس نے سب کو لائن میں لگا دیا۔ غریبوں کو 15 لاکھ روپے دینے کے نام پر بینک اکاؤنٹ کھلوا لئے ۔ سارا پیسہ جمع کرا لیا گیا۔ غریبوں کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ نہ سہی بلکہ 15 ہزار روپے ہی ڈلوا دیتے ۔ انہوں نے کہا کہ بینک کی لائن میں لگنے سے کئی لوگوں کی جان چلی گئی۔ ریاستی حکومت نے مرنے والوں کے اہل خانہ کو دو لاکھ روپے دے کر مالی مدد فراہم کرنے کا کام کیا ۔ ریاستی حکومت نے غریب مزدور، خواتین کے فائدے کے لئے 102،108 ایمبولینس اور پولیس کی 100 ڈائل سروس شروع کی ہے ۔ پھر سے حکومت بننے پر ایک کروڑ لوگو ں کو بیوہ، معذور، اور سینئر سٹی زن پنشن ایک ہزار روپے کے حساب سے دلائی جائے گی۔ کسانوں کی حادثاتی انشورنس کی رقم پانچ لاکھ سے بڑھاکر سات لاکھ روپے کر دی جائے گی۔
مزدوروں کے لئے بھی حادثاتی انشورنس اسکیم شروع کی جائے گی۔ غریب خواتین کو پریشر کوکر اور پرائمری اسکول کے بچوں کو غذائیت سے پر غذا کے طور پر دودھ، پھل اور گھی بھی دلانے کا بندوبست کیا جائے گا۔ اسمارٹ فون دے کر اس کے ذریعے سبھی کو سرکاری اسکیموں سے جوڑنے کا کام کیا جائے گا۔ روزگار کے مواقع بڑھائے جائیں گے ۔ ایک لاکھ پولیس اہلکاروں کی بھرتی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پیسہ کبھی کالا دھن نہیں ہوتا بلکہ لین۔ دین کالا سفید ہوتا ہے ۔ باہمی تعاون سے ہی کالے دھن اور بدعنوانی پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔مسٹر یادو نے کہا کہ سماج وادی پارٹی حکومت 55 لاکھ خواتین کو پیشن دے رہی ہے ۔بیواؤں اور معذور افراد کو بھی پنشن دے رہی ہے ۔ حکومت بننے پر سب کو ایک ایک ہزار روپے پنشن دی جائے گی اور خواتین کو بس میں نصف کرایہ دینا پڑے گا۔ پرائمری اسکول کے بچوں کو کپڑے ، پلیٹ اور بیگ دیئے گئے ہیں۔بچوں کو اسکول میں ہر مہینے میں ایک بار دودھ کا پاوڈر اور ایک لیٹر دیسی گھی دیا جائے گا۔وزیر اعلی نے کہا کہ پولیس میں بھرتی کے لئے 10 ویں اور 12 ویں پاس درخواست گزار صرف سرٹیفکیٹ دکھا کر پانچ کلومیٹر دوڑ لیں گے تو انہیں نوکری دے دی جائے گی۔ بے روزگار آئی ٹی آئی اور پولی ٹیکنیک کے نوجوانوں کو اسکل ڈیولپمنٹ کی تربیت دے کر انہیں روزگار دستیاب کرایا جائے گا۔