رامپور (نامہ نگار)۔آل انڈیا مسلم ریزرویشن فنڈ کے قومی صدر شوکت علی خاں نے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کو مخاطب عرضداشت ضلع مجسٹریٹ کو اور پارٹی کے سربراہ کو مخاطب عرضداشت وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کو سپرد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عرضداشت میں کہا گیا ہے کہ آل انڈیا مسلم ریزرویشن فرنٹ کے ذریعہ وزیر اعلیٰ کو ریاست کے مسلمانوں کے جذبات سے واقف کرانے کے سلسلے میں عرضداشت دی جارہی ہے ۔ عرضداشت میں کہا گیا ہے کہ دو ہزار بارہ کے اسمبلی انتخابات کے دوران سماجوادی پارٹی نے سچر کمیٹی کی رپورٹ کے سلسلے میں ریاست
کے مسلمانوں کو تعلیم اور ملازمت میں ۱۸ فیصد ریزرویشن دینے کا وعدہ کیا تھا ۔ مسلمانوں نے پارٹی کے سربراہ کے وعدے پر یقین کرتے ہوئے اکثریت سے سماج وادی پارٹی کی حکومت کی تشکیل میں اہم تعاون دیا لیکن حکومت تشکیل ہونے کے بعد پارٹی نے اپنے وعدے کو پورا نہیں کیا جو مسلمانوں کے ساتھ دھوکہ ہے ۔ انہون نے کہا کہ مسلمان سماج وادی پارٹی حکومت سے اپناآئینی حق کا مطالبہ کررہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ آئینی بندو بست کی بنیاد پر کیرالا ، مغربی بنگال ، آندھرا پردیش اور کرناٹک ریاستوں میں مسلمانوں کو ریزرویشن حاصل ہے ۔ امسال مہاراشٹر اور تلنگانہ ریاستوں میں مسلمانوں کو تعلیم اور روزگار میں ریزرویشن دیا گیا ہے۔ جب کہ سماج وادی پارٹی اسمبلی میں اکثریت کے باوجود مسلمانوں کو ریزرویشن دینے میں ناکام ثابت ہوئی ۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اسمبلی کے موجودہ سیشن میں بلا تاخیر مسلمانوں کو ریزرویشن دینے کا قانون منظور کیا جائے اور انتخابی وعدے کو پورا کیا جائے ۔