لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ سماجو ادی پارٹی کے ریاستی صدر اکھلیش یادو کے ذریعہ ۲۳؍فروری کوجنتر منتر نئی دہلی سے روانہ سماج وادی سائیکل ریلی کا آج چھٹا دن ہے۔ تین گروپوں میں ہزاروں نوجوان سائیکل چلاکر سماجو ادی پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچا رہے ہیں۔ ریاستی حکومت کی حصولیابیوں کو عوام تک پہنچانے کیلئے سابق قومی صدر
طلباء یونین سنیل یادو اور سابق قومی سکریٹری اروند گری کی قیادت میں سائیکل سواروں کا قافلہ فیروزآباد سے روانہ ہوکر سرسا گنج پہنچا۔ قافلہ کو فیروزآباد میں سماج وادی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری و ترجمان پروفیسر رام گوپال یادو نے پارٹی کا جھنڈا دکھا کر روانہ کیا۔
گروپ کے انچارج نفیس احمد اور ادے ویر سنگھ ہیں ان کے علاوہ ابھشیک یادو، امیتابھ باجپئی، راجیش یادو، سنجے، سویتا ودیارتھی اور منیش یادو بھی قافلہ کے ہمراہ ہیں۔ لال شرٹ ہری پینٹ اور لال ٹوپی لگاکر ہزاروں سائیکل سوار نوجوان آج ریاستی صدر یوجن سبھا محمد عباد، ریاستی صدر لوہیا واہنی پردیپ تیواری کے ساتھ ایٹہ سے ملاون، کراولی ہوتے ہوئے بھوگاؤں کیلئے روانہ ہوئے۔ ماہی کارپوریشن کے صدر ڈاکٹر راج پال کشیپ اور رام کمار یادو بھی ریلی کے ساتھ ہیں جنہوں نے عوامی جلسوں سے بھی خطاب کیا اور پارٹی کے حق میں عوام سے ووٹ دینے کی اپیل کی۔ سماج وادی سائیکل سواروں کا تیسرا گروپ آج بدایوں سے روانہ ہوکر بریلی پہنچا۔ اس گروپ کی قیادت انوراگ یادو، قومی سکریٹری یوجن سبھا، اتل پردھا ریاستی صدر طلباء یونین ، برجیش یادو صدر یوتھ بریگیڈ ، شہزاد عالم طلباء یونین علی گڑھ کر رہے ہیں۔ گروپ کے ساتھ کلدیپ اجول اور نعیم الحسن بھی ہیں۔