میرٹھ: اترپردیش میں میرٹھ کے موانہ علاقے میں کل رات حکمراں سماج وادی پارٹی (ایس پی) لیڈر خالد کے قتل کے بعد علاقے میں ماحول کشیدہ ہوگیا ہے ۔
اس واردات کے بعد آناً فاناً میں پورے علاقے کو چھاونی میں تبدیل کردیا گیا۔ آس پاس کے علاقوں کی پولیس طلب کرلی گئی۔ قتل کے واقعہ سے مشتعل ہجوم کو منتشر کرنے کے لئے معمولی طاقت کا استعمال کیا گیا۔
سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ مہیش چندر دوبے نے بتایا کہ مشتعل ہجوم نے پولیس کے جوانوں کے ساتھ دھکا مکی کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے بتایا کہ خالد کونسلر تھے ۔ فوری طور پر قتل کا سبب معلوم نہیں ہوسکا ہے ۔ ان کے بھائی نے معلوم افراد کے خلاف رپورٹ درج کرائی ہے ۔
مسٹر دوبے نے بتایا کہ مسٹر خالد کی تدفین کردی گئی ہے ۔ علاقے میں احتیاطاً فاضل پولیس فورس تعینات کردی گئی ہے ۔ حملہ آوروں کی شناخت کرلی گئی ہے اور انکی گرفتاری کی کوشش کی جارہی ہے ۔