لکھنو¿:وزیر تعمیرات عامہ اور آبپاشی شیو پال سنگھ یادو نے کہا کہ شہیدوں نے جن خوابوں کیلئے قربانی دی تھی وہ آج بھی ادھورے ہیں ان کے خوابوں کو ہم سبھی کو پوراکرنا ہے کیسے کرنا ہے یہ ہمیں طے کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج بھی ملک کی سرحدیں محفوظ نہیں ہیں لیکن ہمارے جوان سرحد پر ڈٹ کر ملک کی حفاظت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں شہیدوں کے ساتھ ہی ان جوانوں کو بھی سلام کرنا چاہئے۔ مسٹر یادو نے آج ایک نیوز چینل کے ذریعہ شہیدوں کی یاد میں منعقد پروگرام ایک شام شہیدوں کے نام کوخطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کے تمام طبقہ کے لوگوں نے متحد ہوکر گاندھی جی کی قیادت میں لڑائی لڑکر آزادی دلائی جب آزادی کی لڑائی کمزور پڑنے لگی تب ڈاکٹر رام منوہر لوہیا نے کمان سنبھالی اور جے پرکاش ہزاری باغ جیل توڑ کر فرار ہوئے اور آزادی کی لڑائی جاری رکھی۔ انہوں نے کہاکہ جب تک سماج واد ملک تک نہیں آئے گا تب تک ملک کی آزادی ادھوری رہے گی۔
مسٹر یادو نے کہا کہ ملک مضبوط ہو، سب کو انصاف ملے اور کسی کے ساتھ تفریق نہ ہو۔ یہی ہم سب کو آج عہد لینا چاہئے۔ یہی شہیدوں کے تئیں سچا خراج عقیدت ہوگا۔ مسٹر یادو نے کہا کہ شہیدوں کے نام پر زیر التوا کاموںکو ریاستی حکومت کے ذریعہ پورا کیا جائے گا جس کا آغاز کی جا چکا ہے۔ جہاں پر بھی شہیدوں کے نام کی چیزیں ختم کی جا چکی ہیں اسے پورا کرنے کا کام ریاستی حکومت کرے گی۔ ریاستی حکومت شہیدوں کے کنبوں اور ان کے مفاد کیلئے جو بھی ہوگا اسے ضرور کرے گی۔ اپنے خطاب سے قبل مسٹر یاد ونے اشفاق اللہ خاں، ٹھاکر روشن سنگھ، شچیندر ناتھ بخشی، رام کرشن کھتری، محمد صابر، کرانتی کمار، جوکھل پرساد، ویر عبدالحمید، کیپٹن منوج پانڈے، کیپٹن نونیت رائے، سنیل جنگ، میجر امت ترپاٹھی، میجر سلمان، لکشمن پرساد شرما، گریش چندر ناگر، بھیا جی کے کنبہ والوں کو شال اور یادگاری نشان دے کر سرفراز کیا۔
اس موقع پر حکومت اترپردیش کے ریاستی وزیر اروند کمار سنگھ گوپ اور بڑی تعداد میں صحافی موجود تھے۔