نئی دہلی: پاکستانی ہائی کمیشن نے پنجاب میں کسانوں کی تحریک کے سبب سمجھوتہ ایکسپریس رد ہونے کے پیش نظر پرانی دہلی ریلوے اسٹیشن پر 35 پاکستانی شہریوں کو وطن بھیجنے کیلئے متبادل بندوبست کرانے کیلئے وزارت خارجہ سے اجازت طلب کی ہے ۔پاکستانی ہائی کمیشن کے میڈیا مشیر منظور علی میمن نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ سمجھوتہ ایکسپریس کے رد ہونے کے سبب 35 پاکستانی شہری پرانی دہلی اسٹیشن پر پھنسے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے انہیں کھانا پانی فراہم کرایا جا رہا ہے ۔مسٹر میمن نے بتایا کہ پاکستانی ہائی کمیشن نے وزارت خارجہ سے ان پاکستانی شہریوں کو وطن واپس بھیجنے کیلئے متبادل ٹریفک بندوبست کی اجازت طلب کی ہے ۔دریں اثنا اسی وجہ سے لاہور میں 20 ہندستانی پھنسے ہوئے تھے ۔ اسلام آباد میں ہندستانی ہائی کمیشن نے بھی ہندستانی شہریوں کو کسی دیگر ذریعہ سے لاہور پہنچانے کی اجازت طلب کی ہے ۔ذرائع کے مطابق پنجاب میں کسانوں کی تحریک کے پیش نظر ہندستانی ریلوے نے 100 سے زیادہ گاڑیوں کی آمد و رفت روک دی ہے جن میں سمجھوتہ ایکسپریس بھی شامل ہے ۔