لکھنؤ (بیورو)ریاستی حکومت کے ذریعہ لکھنؤ میٹرو ریل پروجیکٹ کیلئے خریدی جانے والی آراضی زمین مالکوں سے معینہ خاکہ پر آپسی سمجھوتے کی بنیاد پر
خریدی جائے گی۔
یہ اطلاع پرنسپل سکریٹری رہائش و شہری منصوبہ بندی سداکانت نے دی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ آراضی اور متعلقہ املاک کی قیمت کا تعین بھی آپسی سمجھوتے سے کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ آراضی کی شرح تعین کرنے کیلئے ضلع مجسٹریٹ کی صدارت میں کمیٹی تشکیل کی گئی ہے جس میں ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ (آراضی تحویل) اور اسپیشل آراضی تحویل افسر لکھنؤ، ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ(اکاؤنٹ وفنانس) لکھنؤ،ایکزیکٹیو انجینئر ، ڈویژنل سرکل محکمہ تعمیرات عامہ ، لکھنؤاور رجسٹرار ، لکھنؤ کے ذریعہ نامزد ڈپٹی رجسٹرار سطح کے افسران ممبر اور مینجنگ ڈائریکٹر ، ایل ایم آر سی لکھنؤ ممبرسکریٹری ہوںگے۔
پرنسپل سکریٹری نے بتایا کہ کمیٹی آپسی سمجھوتے کی بنیاد پر آراضی تحویل ایکٹ ۲۰۱۳ اور اس سلسلہ میں حکومت کے ذریعہ وقتاً فوقتاً جاری ضابطوں ، احکام ناموں ، سرکولروں ،ہدایات اور رائج بازار شرحوں ،آراضی و متعلقہ املاک کی قیمت تعین بازآبادکاری سے متعلق محکمہ ریونیو سے موصول سرکولروں کو ذہن میں رکھتے ہوئے آراضی خرید کیلئے شرح تعین کر اپنی منظوری لکھنؤ میٹرو ریل کارپوریشن کو پیش کریگی۔لکھنؤ میٹرو ریل کارپوریشن کے ذریعہ کارپوریشن کے منطقائی ڈائریکٹر کی بورڈ میٹنگ میں کمیٹی کے ذریعہ پیش کردہ منظوری پر رضامندی حاصل کرتے ہوئے ضروری کارروائی کی جائے گی اور متعینہ خاکہ کے مطابق کسانوں کی علاحدہ رضامندی حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ شرح تعین کے بعد آراضی کی لازمیت کو عوام النا س کے استعمال سے متعلق اطلاعات مشتہر کی جائے گی۔جس کی مدت مشتہر کی تاریخ سے ۲؍ماہ کی ہوگی۔
پرنسپل سکریٹری نے بتایا کہ آراضی قیمت کی ادائیگی و دیگر مفاد ؍سہولیات فراہم کرائے جانے کی ذمہ داری لکھنؤ میٹرو ریل کارپوریشن کی ہوگی۔