طبی بنیادوں پر سنجے دت کو یکم اکتوبر کو پندرہ روزہ میڈیکل پیرول پر رہا کیا گیا تھا جس کی مدت ختم ہونے کے بعد سپریم کورٹ کی جانب سے اس میں مزید چودہ روز کی توسیع کردی گئی تھی۔
تاہم اب سنجو بابا ایک بار پھر پونا جیل میں واپس پہنچ گئے ہیں تاکہ اپنی باقی ماندہ 42 ماہ کی سزا پوری کرسکیں۔
جیل جانے سے پہلے 53 سالہ اداکار نے اپنے پرستاروں کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میری ٹانگ پہلے سے بہتر ہے مگر اب بھی مجھے مسائل کا سامنا ہے، میرے لئے دعا کریں کہ میں جلد باہر آﺅں۔
یہ بھی سننے میں آیا ہے کہ اداکار نے اپنی ٹانگ کے مسئلے پر شکایت حکام کے پاس درج کرائی ہے کہ ان کی ٹانگ کا علاج ابھی جاری تھا۔ سنجے دت کو جیل تک ان کی اہلیہ مانیتا دت نے پہنچایا۔
خیال رہے کہ پیرول پر رہائی کے بعد ایسی افواہیں سننے میں آرہی تھیں کہ سنجے دت کو معافی یا قید کی مدت میں کمی کردی جائے گی، مگر گزشتہ جمعے کو مہاراشٹر کے وزیر داخلہ آر آر پٹیل نے ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس حوالے سے مرکزی حکومت کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سنجے دت کو 1993 کے بم دھماکوں میں ملوث ملزمان کا اسلحہ گھر میں چھپانے کے جرم میں 2006 میں ٹاڈا عدالت کی جانب سے چھ سال کی سزا سنائی گئی تھی۔
ان دھماکوں کے نتیجے میں 257 افراد ہلاک جبکہ 713 زخمی ہوگئے تھے، انہیں حملے کی سازش میں ملوث ہونے کے الزام سے تو بری کر دیا گیا تھا لیکن سنجے غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے کے جرم میں قصوروار پائے گئے