لکھنؤ،19دسمبر(یو این آئی) کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی کے پارلیمانی حلقہ امیٹھی میں پارٹی کو مزید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ کیونکہ کانگریس کے راجیہ سبھا ایم پی سنجے سنگھ کے بیٹے اننت وکرم نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کردیا ہے۔اننت 21دسمبر کو لکھنؤ میں باضابطہ بی جے پی میں شامل ہوجائیں گے۔بی جے پی کے قومی نائب صدر اور لکھنؤ کے میئر دنیش شرما اور ریاستی بی جے پی کے صدر لکشمی کانت باجپئی کی موجودگی میں وہ پارٹی کی رکنیت حاصل کریں گے۔مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل محترمہ اسمرتی ایرانی او
ر بی جے پی آرگنائزیشن سکریٹری سنیل بنسل کے ساتھ ملاقاتوں کے بعد اننت نے بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ۔ ان دونوں رہنماؤں نے بھگوا خیمے میں ان کی آمد کا خیر مقدم کیا ہے۔
اننت وکرم( 37) نے یو این آئی سے آج یہاں کہا کہ طویل مشاورت کے بعد بی جے پی میں شمولیت کے فیصلے کو آخری شکل دی گئی ہے۔انھوں نے کہا کہ زمینی سطح پر بی جے پی کسی بھی دوسری پارٹی سے زیادہ فعال ہے اور یہی بی جے پی میں شامل ہونے کی بنیادی وجہ بھی ہے۔ امیٹھی میں کانگریس کے ایک عہدیدار نے کہا کہ اننت کے بی جے پی میں شامل ہونے سے کانگریس کو کوئی نقصان نہیں ہوگا کیونکہ امیٹھی کے راجکمار‘ بس اپنا سیاسی سفر شروع کرنا چاہ رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ چونکہ بی جے پی برسراقتدار ہے اس لیے انہیں لگتا ہے کہ اس میں شامل ہوکر اپنے سیاسی کیریر کو مستحکم کرسکتے ہیں۔ یہ ان کا ذاتی تصور ہے اور اس سے کانگریس کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔