نئی دہلی، 11 فروری (یو این آئی) ہائی پروفائل سنندا پشکر موت معاملے میں ان کے شوہر سینئر کانگریسی لیڈر اور سابق مرکزی وزیر ششی تھرور کو دوبارہ پوچھ گچھ کے لئے کل پھر سے سمن جاری کیا جائے گا۔ دہلی پولس کمشنر بی ایس بسّی نے آج یہاں صحافیوں کو بتایاکہ مسٹر تھرور کو اپنی بیوی سنندا پشکرکی پراسرار موت کے سلسلے میں کل پھر سے سمن جاری کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اس معاملے کی جانچ کرنے والی خصوصی تفتیشی ٹیم ( ایس آئی ٹی) ان کے گھریلو معاون نارائن سنگھ سے آج پوچھ گچھ کرے گی۔ پولس کمشنر نے کہا کہ \”ہمیں مسٹر ششی تھرور سے کچھ وضاحت طلب کرنا ہے ۔ اگر اس معاملے میں کوئي نئی پیش رفت ہوتی ہے تو اس کی اطلاع میڈیا کو بھی دی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے گزشتہ جنوری میں جنوبی دہلی میں واقع بسنت وہار تھانے میں مسٹر تھرور سے تقریبا ساڑھے تین گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ تاہم، اس پوچھ گچھ کے دوران مسٹر تھرور کے جوابات کو پولس نے عام کرنے سے یہ کہتے ہوئے انکار کردیا تھا کہ کسی طرح کے انکشاف سے جانچ کی کارروائی متاثر ہوگی۔ خیال رہے کہ خصوصی تفتیشی ٹیم نے اس معاملے میں اب تک سنندا کے بیٹے شیو مینن ، سابق سماجوادی پارٹی لیڈر امر سنگھ سمیت دو صحافیوں نلینی سنکھ اور راہل کنول سے بھی پوچھ گچھ کرچکی ہے ۔ گزشتہ سال 17 جنوری 2014 کو سنندا کی لاش ایک فائیو اسٹار ہوٹل کے کمرے میں ملی تھی۔ پولس نے اس معاملے میں نامعلوم اشخاص کے خلاف جنوری 2015 میں قتل کا کیس درج کیا تھا۔