تھریسور، 9 جنوری (یو این آئی) سنندا پشکر کی پراسرار موت کے سلسلے میں دہلی پولس کی طرف سے قتل کا مقدمہ درج کئے جانے کے بعد سہی ہی سابق مرکزی وزیر ششی تھرور کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور ایسی اطلاعات ملی ہیں کہ وہ کیرالہ کے ایک آیورویدک سینٹر میں اپنا علاج درمیان میں ہی بند کرکے آج شام نئی دہلی روانہ ہونے والے ہیں۔ اگرچہ پولس نے قتل کے معاملے میں مسٹر تھرور سے
پوچھ گچھ کی کوئی بات ابھی تک نہیں کہی ہے ، مگر ایسی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ دیر سویر ان سے پوچھ گچھ کی جا ئے گی۔مسٹر ششی تھرور پچھلے دس روز سے کیرالہ کے گروایور کے نزدیک چواپھاڑ میں پیرومئی امانہ آیورویدک فاؤنڈیشن میں اپنا علاج کرارہے ہیں۔ ان کے علاج کے چند روز ابھی باقی ہیں لیکن اسی درمیان مسٹر تھرور نے نئی دہلی واپس لوٹنے کا پروگرام بنالیا ہے۔ ان سے وابستہ اہلکاروں نے بتایا کہ مسٹر تھرور نئی دہلی روانہ ہونے سے قبل صحافیوں سے با ت چیت کریں گے۔