لکھنؤ۔ سنی بورڈ آف انڈیا کے زیر اہتمام محفل نور میں معروف شاعر یونس رحمانی الہ آبادی نے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بزرگ استاذ شاعر محمد فاروق جاذب لکھنوی کی زیر صدارت سالانہ مجلس دعوت الحق میں سنی بورڈ آف انڈیا کے صدر شہاب الدین خاں نے شہدائے دین حق کے بلند مراتب کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کربلا ایک دینی تحریک ہے اور اقوام عالم نے کی اس کی شناخت ایک داعمی انقلاب کی طرح ہے جہاں سے صداقت، عدالت، سخاوت اور شجاعت کے ساتھ ساتھ جذبہ شہادت کی تحریک حاصل ہوتی ہے۔ اس موقع پر مولانا شاہ فیصل۔ حاجی صلاح الدین، مولانا کفیل احمد اور صوفی شاہ کلیم اللہ شاہ کلیم نے کربلا کے ۷۲ شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ حضرت امام حسین اور ان کے ۷۲ رفقاء نے جو قربانیاں دی ہیں وہ بے مثال ہے۔ آج نئی نسل انہیں عظیم قربانیوں سے حوصلہ پارہی ہے اور نیکی کی طرف راغب ہو رہی ہے۔ نواسہ رسول حضرت امام حسین کے ساتھ ان کے رفقاء نے بھی عظیم قربانی دے کر اسلام کا پرچم سربلند رکھا۔ اس موقع پر چودھری عقیل اشرف، عارف نگرامی، ابوبکر قریشی، شہزادہ معزالدین خاں، بلال وغیرہ موجود تھے ۔ محفل کے اختتام پر اتحاد امت اور ملک میں امن و امان ، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔