نئی دہلی 17 فروری ( یو این آئی) قومی سطح پر سوائن فلو سے پچھلے چار دنوں میں مزید 100 اموات کے پیش نظر حکومت سنجیدہ ہو گئی ہے تاکہ ۔ راجستھان اور گجرات جیسی زیدہ متاثر ریاستوں میں مرکزی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں اور وزارت صحت نے حالات پر قابو پانے کے مناسب ضابطے اور اسول بھی وضع کر لئے ہیں۔ہر چند کہ دہلی میں سوائن فلو کے واقعات زیادہ پیش آئے ہیں لیکن اموات کم ہوئی ہیں ۔دوسری طرف راجستھان میں سوائن فلو سے ہونے والی اموات کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے ۔ جودھپور میں آج ایک لڑکے اور بزرگ کی موت ہوجانے سے ریاست میں سوائن فلو سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 179ہوگئی ہے ۔ملک گیر سطح پر یہ تعداد 585 تک پہنچ گئی ہے ۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق جودھپور کے امید اسپتال میں سوائن فلو سے متاثرہ 10سالہ وکرم کی موت ہوگئی جبکہ ایم ڈی ایم اسپتال میں 72سالہ جے رام نے دم توڑ دیا۔ جودھپور میں سوائن فلو سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 49ہوگئی ہے ۔دوسری جانب ٹونک سعادت اسپتال میں کل رات سوائن فلو کی علامات والی ایک حاملہ خاتون کو آئسو لیشن وارڈ میں داخل کیا گیا جس کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔
رواں سال میں ابتک 8423 لوگ سوائن فلو کی زد میں آئے ہیں ۔ راجستھان، گجرات، مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر میں بالترتیب 179، 144، 76 اور 58 امواات ہو چکی ہیں۔ تمل ناڈو میں متاثرین کی تعداد زیادہ ہے لیکن اموات کم ہوئی ہیں۔پنجاب میں کوئی ستر لوگ متاثر ہوئے جن میں سے 25 جانبر نہیں ہو سکے ۔حکومت کی حالات پر گہری نظر ہے مرکزی محکمہ صحت کے مطابق دواوں اور ماسک کی دستیابی میں کمی نہیں بلکہ اور بڑھائی جارہی ہے ۔