لکھنؤ۔(نامہ نگار) چیف سکریٹری آلوک رنجن نے سٹی کمشنروں کو ہدایت دی ہے کہ متعدی بیماریوں اور سوائن فلو کی روک تھام کے لئے شہروں میں صفائی مہم چلائی جائے ۔ یہ ہرحالت میں یقینی بنایاجائے کہ شہر کے کسی بھی علاقے میں نہ تو گندگی رہنے پائے اور نہ ہی کوڑا جمع کیاجائے ۔متعلقہ سٹی کمشنر فیلڈ میں جاکر صفائی کاموں کا جائزہ لیکر بہتر صفائی بندبست یقینی بنائے ۔ انہوںنے کہا کہ سٹی کمشنروں کویہ بھی یقینی کرنا
ہوگا کہ لوگوں کو اپنے چھوٹے چھوٹے مسائل کے لئے میونسپل کارپوریشنوں کے چکر نہ لگانے پڑیں ۔ شہریوں کے مسائل کا تصفیہ مقررہ وقت پرنہ ہونے کی شکایت کسی علاقے سے موصول ہوئی تو متعلقہ سٹی کمشنروں اور افسران کو بخشانہیں جائے گا ۔ انہوںنے کہا کہ انتظامیہ پروگرام کے تحت جمع کوڑے کا تصفیہ یقینی کرایا جائے ۔ چیف سکریٹری آج اپنے دفتر کے جلسہ گاہ میں شہری ترقیات محکمہ کا جائزہ لے رہے تھے ۔