لکھنؤ(نامہ نگار)بازار کھالہ تھانہ حلقہ کے تحت دارو گودام کے رہنے والے سورج شکلا کے قتل معاملہ میں پولیس نے نامزد تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے فی الحال نامزد چار ملزمان ہنوز فرار ہیں۔
سی او بازار کھالہ راج کمار اگروال نے بتایا کہ عیش باغ دارو گودام میں رہنے والے آڑھتی پپو شکلا کے بیٹے ۱۷سالہ سورج شکلا پر بدھ کو محلہ کے رہنے والے کچھ لوگوں نے موبائل چوری کا الزام عائد کیا تھا اسی الزام کے سبب ان لوگوں نے سورج کو بری طرح
پیٹا تھا اور چاقو سے بھی حملہ کیا تھا زخمی سورج کو ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیاتھا جہاں دوران علاج دیر رات سورج کی موت ہو گئی تھی۔ اس کے بعد کنبہ والوں نے عیش باغ چوکی کے نزدیک زبردست ہنگامہ کیا تھا اس معاملہ میں دارو گودام کے رہنے والے نسیم، اس کے بیٹے وکیل، داماد منو سمیت سات افراد کے خلاف نامزد رپورٹ درج کرائی گئی تھی۔ اس معاملہ میں جمعرات کی صبح پولیس نے نامزد ملزم نسیم، اس کے بیٹے وکیل اور داماد منو کو گرفتار کر لیا۔
سی او بازار کھالہ کا کہنا ہے کہ ابھی چار دیگرملزم فرار ہیںاور ان کی تلاش جاری ہے۔ وہیں اس واردات کے بعد احتیاط کے طور پر علاقہ میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ متاثرہ کنبے کے لوگوں نے اس معاملہ میں پولیس پر بھی لاپروائی برتنے کا الزام عائد کیا ہے۔ موبائل چوری کے الزام میں ملزمان سورج کے کنبہ والوں کو دھمکی دے رہے تھے۔
اس بات کی شکایت مقامی پولیس سے بھی کی گئی تھی اس کے باوجود پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی اور سورج کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا۔