نئی دہلی ۔ پنکھا کاروبار میں قدم رکھنے کا اعلان کرنے والی لائٹنگ کمپنی سوریا روشنی نے نئے کاروبار سے ۴۰۰ کروڑ روپئے کی آمدنی کا ہدف رکھا ہے ۔ کمپنی کے ایم ڈی بی راجیو نے کہا کہ ہمارا ہدف سبھی زمروں کے پنکھا بازار میں قدم رکھنے کا ہے جن میں چھت کا پنکھا ، ٹیبل فین ، پیڈسٹل ، دیوار میں لگنے والا پنکھا اور ایگزاسٹ فین شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پنکھے توانائی اور ماحولیات کے مطابق ہوں گے ۔مسٹر راجیو نے امید ظاہر کی کہ کمپنی کو اپنے نئے کاروبار میں توسیع کرنے میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں خردہ فروشوں کا پہلے ہی ایک بڑا نٹ ورک ہے ۔تقریبا ً دو لاکھ ریٹیل فروخت مراکز پر کمپنی کے پروڈکٹس پہلے سے ہی موجود ہیں ۔ سوریا گروپ ۸۳۰۰ کروڑ روپئے کا سالانہ کاروبار کر رہی ہے ۔ کمپنی کے پروڈکٹس میں ٹیوب لائٹ ، جی ایل ایس ، سی ایف ایل اور ایل ای ڈی کی بڑی رینج ہے ۔ اس کے علاوہ میٹل لیمپ ، اسٹریٹ لائٹنگ اور ہائی ماسک اور جی آئی پائپ کے پروڈکٹس ہیں ۔