بیعت اور اطاعت کیلیے ٹوئٹر کا استعمال جائز ہے: شیخ عبداللہ المنائی
سعودی عرب میں سینئیر علماء کی کونسل کے رکن شیخ عبداللہ المنائی نے اپنے ایک تازہ فتوے میں کہا ہے کہ خادم الحرمین الشریفین اور نئے سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی بیعت ٹوئٹر یا سوشل میڈیا کے ذریعے کرنے کی اجازت ہے۔
واضح رہے شاہ سلمان بن عبدالعزیز پہلے سعودی فرمانروا ہیں جن کا پہلے سے ٹوئٹر اکاونٹ موجود ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سعودی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ شہریوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے بھی اپنے سربراہ کی اطاعت تسلیم کرنے یا بیعت کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اب تک کی اطلاعات کے مطابق دس لاکھ سے زائد سعودی شہری سوشل میڈیا کے توسط سے بیعت
کر چکے ہیں ۔ تقریبا اتنی ہی تعداد میں سعودی شہریوں نے مرحوم شاہ عبداللہ کے انتقال پر ٹوئٹر کے ذریعے سے اظہار تعزیت بھی کیا ہے۔
سعودی عرب میں مجموعی طور پر بیس لاکھ افراد ٹوئٹر اکاونٹ استعمال کرتے ہیں۔ سعودی عرب میں ٹوئٹر استعمال کرنے والے شہریوں کا تناسب عرب ممالک میں سب سے زیادہ ہے۔
اس ناطے جب سے شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کا انتقال ہوا ہے اور نئے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اقتدار سنبھالا ہے ٹوئٹر اور سوشل میڈیا پر تعزیت اور بیعت کا سلسلہ جاری ہے۔
شیخ عبداللہ المنائی نے کہا ”شہری بیعت کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کر سکتے ہیں، کیونکہ اسلام میں بیعت کرنے کی بہت اہمیت ہے۔”
دریں سوشل میڈیا سے متعلق ایک ماہر سعید جاداللہ نے بتایا ہے کہ حالیہ چند دنوں میں ٹوئٹر کے ذریعے شاہ عبداللہ کے انتقال پر اظہار افسوس اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی بیعت کرنے کی پر جوش لہر موجود ہے۔”
ان کے مطابق سعودی شہریوں کیلیے اپنے علاقوں، گھروں یا دفاتر میں موجود رہتے ہوئے سوشل میڈیا پر نئے سعودی فرمانروا کی اطاعت کا عہد کرنا آسان تر ہے، بجائے اس کے کہ وہ اپنی متعلقہ گورنری سے رجوع کریں۔