لکھنؤ(نامہ نگار)ایک مکان کے معاملہ کی پیروی میں عدالت پہنچے وکیل پر کچھ لوگوں نے حملہ کر دیا۔ پہلے تو دو لوگوںنے وکیل پر چاقو سے حملہ کیا۔ جس سے وکیل کی ناک پر چوٹ لگ گئی اس کے بعد ملزمین نے وکیل کو بری طرح پیٹا اور فرار ہو گئے۔ واردات کے بعد ناراض وکلاء نے لیسا گیٹ کے سامنے مظاہرہ بھی کیا۔پولیس نے اس معاملہ میں دولوگوں کے خلاف نامزد رپورٹ درج کر لی ہے۔
آشیانہ کے رجنی کھنڈ میں رہنے والے وکیل ایم پی مشر نے کچھ عرصہ قبل مکیش نام کے شخص سے ایک مکان خریدا تھامکیش کا مکان کے سلسلہ میں آشیانہ کے گوپیش سے تنازعہ چل رہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اسی معاملہ میں وکیل ایم پی مشر دوشنبہ کی دوپہر سول کورٹ آئے تھے۔ ان کا الزام ہے کہ عدالت سے باہر نکلتے ہی گوپیش اور اس کے ساتھ سوروپ لال نے اس پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ خود کو بچانے میں چاقو وکیل کی ناک پر لگا۔ اس کے بعد کچھ لوگوں نے وکیل ایم پی مشر کو گھیر لیا اور ان کو پیٹا۔ واردات کے بعد کچہری میں افراتفری مچ گئی اس درمیان ملزمین وہاں سے بھاگ نکلے۔ اطلاع ملنے پر وزیر گنج پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس نے زخمی وکیل ایم پی مشر کو بلرامپور اسپتال میں داخل کرایا جہاں ابتدائی علاج کے بعد انہیں چھٹی دے دی گئی۔ اس معاملہ میں زخمی وکیل کی تحریر پروزیر گنج پولیس نے نامزد رپورٹ درج کر لی ہے۔ وکیل پر عدالت کیمپس میں ہوئے حملہ کی مخالفت میں کئی وکیلوں نے لیسا گیٹ کے باہر ملزمین کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرہ بھی کیا۔ مظاہرہ کی اطلاع پر پہنچی پولیس نے مظاہرین کو سمجھا بجھا کر خاموش کرایا۔