نئی دہلی: گھریلو تشدد کے معاملے میں دہلی کے سابق وزیر قانون سومناتھ بھارتی کی امیدوں پر آج اس وقت پانی پھر گیا جب ان کی بیوی لپیکا مترا نے ان کے ساتھ تنازعہ حل کرنے کے لئے ثالثی کا راستہ اپنانے سے انکار کر دیا۔اس سے قبل سپریم کورٹ نے مسٹر سومناتھ بھارتی کو ضمانت دینے سے بھی انکار کر دیا ہے ۔
چیف جسٹس ایچ ایل دتو اور جسٹس امیتابھ رائے کے بنچ نے جب لپیکا مترا سے پوچھا کہ آیا وہ گھریلو تشدد کے معاملے میں اپے شوہر کے ساتھ سمجھوتہ کرنے کے لئے ثالثی کی راہ اپنانے کے لئے راضی ہیں یا نہیں، تو محترمہ لپیکا مترا نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ” سمجھوتے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا”۔ دریں اثنائ، عدالت عظمی نے مالویہ نگر سے عام آدمی پارٹی ( اے اے پی) کے ممبر اسمبلی مسٹر سومناتھ بھارتی کو باقاعدہ ضمانت کے لئے زیریں عدالت میں جانے کی ہدایت دی۔ عدالت نے زیریں عدالت کو بھی حکم دیا ہے کہ وہ اس معاملے کا تصفیہ جلد کرے ۔