ممبئی۔فلم رانجھنا سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ سونم کپور ان دنوں کامیابی کی بلندیوں پر ہے اور اسے کئی باصلاحیت فلمسازوں اور فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل رہا ہے۔اطلاعات کے مطابق اسے ارباز خان کی پروڈکشن میں بنائی جانے والی فلم ’’ڈولی کی ڈولی‘‘ میں مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کرلیا گیا ہے۔ اداکارہ کے لیے بالی ووڈ کے کسی خان کے ساتھ کام کرنے کا یہ پہلا موقع ہوگا۔ فلم ’’ڈولی کی ڈولی‘‘ ایک چالاک عورت کے گرد گھومتی ہے اور سونم اس میں شمالی بھارت کی لڑکی ’’ڈولی‘‘ کا کردار ادا کریں گی جبکہ سونم کے ساتھ مرکزی کردار کرنے کیلئے تین مرد اداکاروں کو فائنل نہیں کیا گیا۔ ارباز جو اپنی اس نئی فلم کے سلسلہ میں بہت پرجوش ہیں کا کہنا ہے کہ ہمیں اس فلم کے لیے ایسی لڑکی کی تلاش تھی جو کردار کے ساتھ پوری طرح انصاف کرسکے اور سونم ہی واحد اداکارہ ہے جو اپنے اس کردار کے ساتھ انصاف کرسکتی ہے۔ میں اسے کاسٹ کرکے بہت خوش ہوں۔