نئی دہلی:کانگریس نے آج حکمراں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) پر اپنے حریفوں کے خلاف ‘سیاسی انتقام’ کے جذبہ سے کارروائی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت ‘کانگریس فری بھارت’ کی اپنی کوششوں میں کامیاب نہیں ہوپائے گی۔
آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ترجمان کپِل سبل، ابھیشیک منو سنگھوی اوررندیپ سرجے والا نے الزام لگایا کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی اور پارٹی کے نائب صدر راہل گاندھی کے خلاف بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی کی عرضی بی جے پی کی قیادت والے برسراقتدار قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کی جانب سے کانگریس ممبران کو نشانہ بنانے کی کوششوں کا ایک حصہ ہے جس کے تحت ہماچل پردیش کے وزیر اعلی ویر بھدر سنگھ کی رہائش گاہ پر ان کے بچوں کی شادی اور دیگر پارٹی لیڈر پی چدمبرم کے بیٹے کے دوست کے گھر پر چھاپے مارے گئے ۔
مسٹر سنگھوی نے کہا ‘سبرامنیم کو کانگریس کے خلاف مقدمہ کرنے کیلئے بی جے پی نے ‘پاور آف اٹارنی’ دے رکھا ہے ۔ انہیں کانگریس کے اراکین کو نشانہ بنانے کی خصوصی ذمہ داری سونپی گئی ہے ’۔
انہوں نے کہاکہ اپنی ناکامیاں سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے حکومت کانگریس لیڈروں کو نشانہ بنانے کی کوششیں کر رہی ہیں۔