نئی دہلی:مرکزی وزیر برائے فروع انسانی وسائل اسمرتی ایرانی نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کے ہاتھوں وزیر خارجہ سشما سوراج کو “ڈرامہ باز” قرار دیے جانے کی آج شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ گاندھی نے اس طرح کا بیان دے کر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو ملنے والی عوامی تائید کی توہین کی ہے اور پارلیمنٹ کے وقار کو کم کیا ہے ۔محترمہ ایرانی نے آج پارلیمنٹ کے احاطے میں محترمہ گاندھی کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے صحافیوں کے سامنے اس خیال کا اظہار کیا۔خیال رہے کہ محترمہ گاندھی کی زیر قیادت کانگریس کے اراکین پارلیمنٹ نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے آج چوتھے دن بھی دھرنا دیا، احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔
اس دوران محترمہ گاندھی نے کہا کہ للت مودی کے معاملے میں محترمہ سشما سوراج “ڈرامہ بازی” کررہی ہیں۔مرکزی وزیر نے کہا کہ محترمہ گاندھی کو اس طرح کا بیان نہیں دینا چاہئے ۔ انہوں نے یہ بیان دے کر وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی کو ملنے والی عوامی تائید کی توہین کی ہے اور پارلیمنٹ کا وقار کم کیا ہے ۔