نئی دہلی؛کانگریس صدر محترمہ سونیا گاندھی نے بھونیشور کے ایک اسپتال میں آتشزدگی میں 23 لوگوں کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔
محترمہ گاندھی نے کل بھونیشور میں پیش آنے والے اس حادثہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ہمدردیاں مرنے والوں کے سوگوار لواحقین کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ حادثے میں زخمی ہوئے لوگوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتی ہیں۔ انہوں نے پردیش کانگریس کمیٹی اور پارٹی کارکنوں کو اس حادثہ کے متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کرنے کی ہدایت دی۔
کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے بھی حادثہ میں ہلاک ہونے والے لوگوں کے لواحقین کے تئیں اظہار ہمدردی کیا ۔انھوں نے ٹوئیٹ کیا کہ بھونیشور کے اسپتال میں ہوئے حادثہ کی خبر سن کر انھیں کافی تکلیف پہنچی ہے ۔
بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے بھی اسپتال میں ہوئی اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔انھوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ اسپتال لگی آگ میں 23لوگوں کی موت سے انھیں کافی تکلیف پہنچی ہے ۔انھوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں وہ اڈیشہ حکومت کے ساتھ ہیں ۔
واضح ر ہے کہ بھونیشور میں ایس یوایم اسپتال میں انتہائی نگہداشت یونٹ میں کل رات آگ لگ گئی، جس سے 23 مریضوں کی موت ہو گئی اور کئی دیگر جھلس گئے جن میں سے کچھ کی حالت نازک ہے ۔