رائے بریلی (نامہ نگار)یوپی اے چیئر پرسن ومقامی رکن پارلیمنٹ اپنے پارلیمانی حلقہ کے دوروزہ دورے کے سلسلہ میں رائے بریلی پہنچ گئی ہیں۔ اپنے دورے کے پہلے دن انہوں نے برواری پور واقع راجیوگاندھی شہری رہائشی اسکیم کے تحت تعمیر مکانات کا اچانک معائنہ
کیا اور لوگوں سے اسکیم کے سلسلہ میں معلومات حاصل کی۔
مسز سونیا گاندھی کا یہ دورہ عوام کے لئے خواہ نئی سوغاتوں کے طور پر نہ ہولیکن انہوں نے سابقہ میں شروع کئے گئے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیکر اسکیموں میں تیزی لانے کا کام کیا۔اپنے دورہ میں انہوں نے برواری پور سے واپس ہونے کے بعد آئی ٹی آئی فیکٹری پہنچ کر آئی ٹی آئی ملازمین سے ملاقات کی۔ ملازمین نے سونیا گاندھی کا زبردست خیر مقدم کیا اور انہیں کامیابی کی یقین دہانی کرائی۔ اپنے دورے کے پہلے دن وہ بھوئے مئو گیسٹ ہاؤس میں قیام کریں گی اور دیررات تک پارٹی کارکنان اور عوام سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سے روشناس ہوں گی۔