سون بھدر: اترپردیش میں ہو رہی بارش کے سبب سون بھدر کے رہند ڈیم میں مسلسل آبی سطح بڑھنے کی وجہ سے کل رات تک نو دروازے کھول دیے گئے اور اگر اسی طرح آبی سطح بڑھتی رہی تو تمام 13 دروازے کو کھولے جا سکتے ہیں۔ انتظامیہ مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے ۔
ہائیڈرو پاور کارپوریشن کے سپرنٹنڈنگ انجینئر شیلیش سنگھ نے آج یہاں بتایا کہ ڈیم کی آبی سطح 872 فٹ تک پہنچ گئی ہے جبکہ ڈیم کی آبی سطح کی صلاحیت 870 فٹ ہے ۔انہوں نے بتایا کہ آبی سطح 871 فٹ تک پانی کی سطح پہنچنے کے بعد ہی ڈیم کے دروازے کھولے جاتے ہیں۔
انجینئر نے بتایا کہ ڈیم کے کیچمنٹ ایریا چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش میں ہو رہی زبردست بارش سے ڈیم کی آبی سطح آج 872 فٹ تک پہنچ گئی تھی جس کی وجہ سے کل صبح نو بجے پہلا دروازہ کھولا گیا ، مسلسل بڑھتی آبی سطح کی وجہ سے شام چار بجے تین دروازے اور رات آٹھ بجے تک نو دروازے کھول دیے گئے ۔
اس وقت ڈیم سے 75000 کیوسک پانی فی سیکنڈ چھوڑا جا رہا ہے ۔ اس سے پہلے دس ستمبر 2011 کو سارے دروازے کھولے گئے تھے ۔ پانچ برس کے بعد اس بار بھی ڈیم کے تمام دروازے کھلنے سے چوپن کے آگے کئی گاووں اور بہار میں بھی کئی علاقوں میں سیلاب کی صورتحال بن سکتی ہے ۔