ممبئی( وارداتا)بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کی فلم جئے ہو نے سوکروڑ کی کمائی کرلی ہے یہ فلم چوبیس جنوری کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی۔ ٹریڈ انالسٹ ترن آدرش نے کہا ہے کہ جئے ہو نے ہندوستان میں کل ۷۸کروڑ ۹۰لاکھ اور غیر ممالک میں بائیس کروڑ اڑتیس لاکھ روپئے کی کمائی کی ہے۔ جو کل ملاکر ایک سو ایک کروڑ اٹھائیس لاکھ روپئے ہوتی ہے۔ اس طرح سلمان کی فلم نے سو کروڑ روپئے سے زیادہ کی کمائی کرلی ہے۔ حالانکہ سلمان کی اس فلم کو باکس آفس پر ان کی پہلی فلمو ںکے مقابلے رسپانس نہیں مل پایا ہے۔ کیونکہ فلم نے پہلے دن صرف سترہ کروڑ پچپن لاکھ کی کمائی کی جبکہ سلمان کی فلم ایک تھا ٹائیگر نے دوہزار بارہ میں پہلے دن تیس کروڑ کی کمائی کی تھی ۔ واضح رہے کہ اداکار سلمان خان نے کہا ہے کہ وہ حالیہ ریلیز فلم جئے ہو کو باکس آفس پر امید کے مطابق بڑی شروعات نہ ملنے کی ذمہ داری لینے کو تیار ہیں۔ سلمان نے یہاں ایک پروگرام میں کہا کہ فلم کا کل کلکشن اہم ہوتا ہے۔ وہیں بالی ووڈ اسٹار سلمان خان اپنے ایک مداح کو موٹرسائیکل گفٹ کرنا چاہتے ہیں۔ سلمان نے کہا کہ میرا ایک مداح ہے جو میری فلم دیکھنے کیلئے سولہ سے اٹھارہ کلو میٹر کا سفر طے کرتا ہے وہ یہ فاصلہ سائیکل سے یا پیدل طے کرتا ہے۔ میں کافی عرصے سے اس سے ملنے کی کوشش کررہا ہوں۔ میں نے اس کے بارے میں اپنی فلم باڈی گارڈ کے وقت سے جانا تھا۔ سلمان خان نے کہا کہ میرے اس مداح کے پاس پیسے نہیں ہیں وہ پھل کی کاشت کرتا ہے اور فلم کا ٹکٹ خریدنے کیلئے انہیں فروخت کردیتا ہے میں اس کے پاس جانا چاہتا ہوں۔ میں چاہتا ہوں کہ میں اسے ایک موٹرسائیکل دو۔ وہ موٹرسائیکل کے ساتھ جو چاہے کرے۔ لیکن میں اسے ایک موٹرسائیکل ضرور دوں گا۔ آل انڈیا امام تنظیم نے نریندرمودی کے بارے میں بیان کو لیکر کچھ مسلم علماء کی جانب سے سلمان خان کا بائیکاٹ کئے جانے کے اعلان کو نہ مناسب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سلمان کے تبصرے کو ایک ہندوستانی شہری کے نظریے کے طور پر دیکھا جانا چاہئے۔ اور علماء کو ایسے معاملوں میں دخل دینے سے پرہیز کرنا چاہئے۔ تنظیم کے صدر مولانا عمیر احمد الیاسی نے کہا ہے کہ سلمان نے نریندرمودی کے بارے میں جو بیان دیا ہے اسے ایک ہندوستانی شہری کے خیال کے طورپر دیکھنا چاہئے۔ بائیکاٹ کرنے کا اعلان مناسب نہیں ہے۔ سلمان ایک مشہور اداکار ہیں اور انہیں ملک کے سبھی طبقوںکے لوگوں نے پیار دیا ہے۔ کسی اداکار کو ایک مذہب کے دائرے میں محدود کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ واضح رہے کہ سلمان نے گذشتہ جنوری کو احمد آباد میں مودی کو گریٹ مین کہا تھا ۔
فلم کک میں ویلن کا کردار ادا کریں گے نواز الدین صدیقی
ممبئی (وارتا) بالی ووڈ میں اپنی سنجیدہ اداکاری کے لئے مشہور نواز الدین صدیقی سلمان خان کی فلم کک میں ولن کا کردارادا کرسکتے ہیں۔ بالی ووڈ کے مشہور فلم ساز ساجد نڈیاڈ والا سلمان خان کو لیکر کک نام سے ایک فلم بنا رہے ہیں اس فلم کیلئے کافی عرصے سے وہ مرکزی ویلن کے کردار کیلئے اداکار کی تلاش کررہے تھے۔ اور اب بتایاجارہا ہے کہ نواز الدین صدیقی کک میں مرکزی ویلن کا کردار ادا کریں گے۔ نواز الدین نے اس سے قبل کئی فلموں میں گرے شیڈوالے کردارادا کئے ہیںلیکن یہ پہلا موقع ہوگا جب وہ کسی فلم میں مرکزی ویلن کا کردار ادا کریں گے۔ ساجد نے کہا کہ ہم سبھی نواز الدین کو فلم فیئر ایوارڈ دئیے جانے سے بے حد خوش ہیں۔ نواز الدین کے ساتھ ہم لوگ فلم کی شوٹنگ جلد شروع کریںگے۔ واضح رہے کہ ابھی حال ہی میں نواز الدین کو دی لنچ باکس کیلئے بہترین معاون اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا تھا۔ کک سے ساجد نڈیاڈ والا ہدایت کاری کے شعبے میں قدم رکھنے جارہے ہیں اس سے قبل ساجد نے سلمان کو لیکر مجھ سے شادی کرو گی، ہر دل جو پیار کرے گا،جیت،اور جڑواں جیسی فلمیں بنائی ہے۔ کک میں سلمان خان ، جیک لین فرنانڈیز ، ریندیپ ہڈا ،نواز الدین صدیقی ،متھن چکرورتی او رارچنا پورم سنگھ کا مرکزی کردار ہے۔ یہ فلم ستائیس جولائی کو ریلیز ہوگی۔