نئی دہلی (وارتا) جاپان کی کار بنانے والی کمپنی سوزوکی موٹر کاپوریشن کی سوئفٹ کاروں کی عالمی فروخت ۴۰ لاکھ سے تجاوزکر گئی ہے۔ جس میں تقریباً ۵۰ فیصد ہندوستان میں فروخت ہوئی ہیں۔ کمپنی نے بتایا کہ نومبر ۲۰۰۴ میں پیش کئے جانے کے بعد پونے دس سال کے اندر پریمیم ہیج بیک زمرے کی اس کار نے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ اس برس اگست میں اس کی فروخت ۴۰ لاکھ اکائی سے تجاوز کرگئی ہے۔ کمپنی نے مطابق ہندوستان میں خصوصی طور پر سوئفٹ کی فروخت بازار کے بڑھنے کے رفتار سے بڑھتی رہی بعدمیں اس میں ڈیزل والی کاریں اور سیڈین کاریں بھی پیش کی گئیں۔ ۴۰ لاکھ کاروں میں تقریباً نصف تعداد ہندوستان میںفروخت ہوئی۔
اس کے علاوہ یورپ میں ۱۹ فیصد اور جاپان میں گیار ہ فیصد کاروں کی فروخت ہوئی ہے۔ جون ۲۰۰۸ میں ان کاروں کی فروخت ۱۰ لاکھ سے اوپر پہنچ گئی تھی۔ کمپنی نے ۲۰۱۰ میں اس کا ماڈل پوری طرح تبدیل کردیا جس کے بعد اس کی فروخت میں اور تیزی آگئی۔ جنوری ۲۰۱۱ میں ۲۰لاکھ اور جنوری ۲۰۱۳ میں ان کاروں کی فروخت تیس لاکھ تک پہنچ گئی تھی۔ ہندوستان میں سوئفٹ کار ۲۰۰۵ میں پیش کی گئی تھی۔ موجودہ وقت میں اس کے پٹرول ویرینٹ کی ایکس شوروم قیمت دہلی میں ۴۲ء۴ لاکھ روپئے اور ڈیزل ویرینٹ کی قیمت ۷ء۶ لاکھ روپئے ہے۔