لکھنؤ۔(نامہ نگار)ہولی کے پیش نظر دوردراز علاقوں سے آنے والے مسافروں کیلئے بہتر ٹریفک بندوبست کرانے کیلئے سٹی ٹرانسپورٹ کمربستہ ہے ۔
اس کے لئے سٹی ٹرانسپورٹ رات کی خدمات منگل سے شروع کرے گا فی الحال ابھی دوبسیں لگائی جائیں گی ۔ لیکن ضرورت پڑنے پر بسوں کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جاسکتاہے ۔سٹی ٹرانسپورٹ کے ایم ڈی اے رحمان نے بتایا کہ چارباغ اسٹیشن سے ۳مارچ کی شب ۱۰بجے سے صبح ۶بجے تک ۲سٹی بسیں اندارانگر کے منشی پلیا تک مسافروں کے لئے چلائی جائیں گی ۔ رات کی خدمات والی ان بسوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیںتاکہ ہولی تہوار پر رات میں آنے والے مسافروں کے ساتھ کسی قسم کی انہونی نہ ہوسکے ۔چارباغ اسٹیشن کے سامنے سے یہ بسیں حضرت گنج ،نشاط گنج ،پالیٹکنک چوراہاہوتے ہوئے منشی پلیا تک جائیں گی ۔ وہیں منشی پلیا سے مسافر لیکر چارباغ آئیں گی ۔
مسافروں کو پہلے سے طے ریٹ کی بنیاد پر بس کاکرایہ اداکرناہوگا ۔ چار باغ سے منشی پلیا کی دوری ۸ء۱۲کلومیٹر ہے ۔ اس کاکرایہ ۲۰روپئے دیناہوگا۔واضح ہوکہ ہولی تہوار پر سٹی ٹرانسپورٹ کی یہ رات کی خدمات کا مسودہ تقریباً ایک ہفتہ قبل ہی بن گیا تھا۔
بسوںمیں آنے جانے والے مسافروں کے لئے تحفظ دینے کا کام باقی تھا ۔ افسران ان بسوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی پہل کرکے مسافروں کو بہتر ٹرانسپورٹ خدمات دینے کی کوشش کی ہے ۔اے رحمان کے مطابق تہواروں پر اکثر مسافروں کے ساتھ واردات ہوجاتی ہیں ۔ بسوں اور ٹرینوں میں جعلسازی اور زہر خورانی وغیرہ کی وارداتیں ہوجاتی ہیں۔ جس کے سبب مسافروں کا سامان تو جاتاہی ہے ساتھ ہی ناخوشگوار واردات ہوجاتاہے ۔اسی لئے رات کی خدمات میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی پہل کی ہے تاکہ مسافر آسانی آجاسکے ۔