لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔سپاہی آنجہانی وجندر سنگھ تومر کے دردناک قتل معاملہ میں اکھل بھارتیہ چھتریہ مہا سبھا نے پٹیل مجسمہ پر قاتل کو گرفتار کرنے کے مطالبہ کے سلسلہ میں مظاہرہ کیا۔ سپاہی وجندر سنگھ تومر کے قتل معاملہ میں فرخ آباد کی فتح گڑھ کوتوالی پولیس کی جانب سے ایف آئی آر درج کرنے کے باوجود فرخ آباد صدر کے رکن اسمبلی وجے سنگھ کو گرفتار نہ کئے جانے کی مخالفت میں اکھل بھارتیہ چھتریہ مہا سبھا کے کارکنان نے ان کے بیٹے راہل تومر کی قیادت میں قاتل کو گرفتار کئے جانے کے سلسلہ میں مظاہرہ کیا۔اس موقع پر کثیر تعداد میں خواتین و مرد ہاتھوں میں کئی طرح کی نعرے لکھیں تختیاں لیکر پٹیل مجسمہ پر موجود تھے۔
اکھل بھارتیہ چھتریہ مہا سبھا نے وزیر داخلہ کو مخاطب عرضداشت سونپی
۔ آنجہانی وجندر سنگھ تومر فتح گڑھ کوتوالی ضلع الہ آبادمیں ڈرائیور کے عہدہ پر تعینات تھے جن کا قتل گزشتہ ۲۶؍جولائی کو صبح ساڑھے ۷ بجے کیا گیا تھا۔اس سلسلہ میں ابتدائی رپورٹ جرائم نمبر ۲۴۷؍۱۴ دفعہ ۳۰۲؍ ۳۹۴ تھانہ کوتوالی ضلع فرخ آباد میں درج کی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں سپاہی نے مرنے سے قبل ایک خط بھی ضلع مجسٹریٹ اور سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ فرخ آباد کو لکھا تھا۔ تنظیم نے وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ راہل کے والد کے قاتل رکن اسمبلی وجے سنگھ کو جلد گرفتار کیا جائے۔