نئی دہلی:سپریم کورٹ نے آج شراب کے کاروباری وجے مالیا سے کہا ہے کہ وہ معاملے میں با معنی بات چیت کے لئے اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کی قیادت والے بینکوں کے کنسورشیم کو بھاری بھرکم رقم ادا کریں۔ایس بی آئی کی قیادت والے بینکوں کے کنسورشیم نے عدالت سے کہا کہ اس نے وجے مالیا کی تجویز مسترد کردی ہے جنھوں نے اسے 4000ہزار کروڑ روپئے کی پیش کش کی تھی۔جسٹس کورئین جوزف کی سربراہی والی ڈویژن بنچ نے وجے مالیا سے دو ہفتوں کے اندر اپنے اثاثوں کا اعلان کرنے کو کہا ہے ۔
وجے مالیا نے بینکوں کو ستمبر کے اواخر تک یہ رقم ادا کرنے کی پیش کش کی تھی لیکن وہ 2مارچ کو ملک سے باہر چلے گئے ۔ 13 بینکوں کے کنسورشیم نے سپریم کورٹ سے رجوع کرکے انھیں بیرون ملک جانے سے روکنے کی درخواست کی تھی ، لیکن اس سے پہلے کہ 9مارچ کو عرضی پر سماعت ہوتی مالیا لندن چلے گئے ۔کبھی ہندستان کی دوسری سب سے بڑی ایئر لائن کنگ فشر نے خسارے کی وجہ سے تین سال قبل اپنی پروازیں بند کردی تھیں جسکی وجہ سے قرض دہندگان ، سپلائرز اور ملازمین کے بقایا جات کی ادائیگی نہیں ہوسکی ۔اپنے شاہانہ طرز زندگی کی وجہ سے کبھی ”کنگ آف گڈ ٹائمس” کے طور پر مقبول ملیا نے اس بات کو یکسر مسترد کردیا ہے کہ وہ ہندستان سے فرار ہوگئے ہیں۔ملیا کے معاملے نے ایسے وقت مرکزی حیثیت اختیار کر لی جب سنٹرل بینک اور حکومت نے بینکوں کی خراب حالت کو بہتر بنانے کے لئے قرض ادا نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کی ہے ۔