نئی دہلی:سپریم کورٹ نے گجرات کے سابق آئی پی ایس افسر سنجیو بھٹ کی وہ درخواست آج خارج کردی، جس میں انہوں نے اپنے خلاف درج دو ایف آئی آر کی جانچ خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) سے کرانے کی اپیل کی تھی۔چیف جسٹس ایچ ایل دتو اور جسٹس ارون کمار مشرا پر مشتمل ڈویژن بنچ نے اس معاملے میں بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کے صدر امت شاہ اور ایس ۔گرومورتی کو فریق بنانے کی اپیل مسترد کردی۔سنجیو بھٹ نے اپن درخواست میں ایڈیشنل سالیسیٹر جنرل تشار مہتہ پر جانچ کو متاثر کرنے کا بھی الزام لگایا تھا اور اس کی ایس آئی ٹی سے انکوائری کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے کے ساتھ ہی سابق آئی پی ایس افسر کے خلاف دونوں معاملوں میں سماعت پر عاید روک ہٹ گئی ہے ۔