نئی دہلی:سپریم کورٹ نے مہاراشٹر کے پونے میں واقع فلم اینڈ ٹی وی انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایف ٹی آئی آئی) میں جاری تعطل میں عدالتی مداخلت سے متعلق درخواست مسترد کردی۔ چیف جسٹس ایچ ایل دتو اور جسٹس امیتابھ رائے کی بنچ نے اداکار گجیندر چوہان کو ایف ٹی آئی آئی کاسربراہ مقرر کرنے کو چیلنج کرنے والی وینیت ڈھانڈا کی عرضی پر سماعت کرنے سے انکار کردیا ہے ۔
وینیت نے اپنی عرضی میں کہا کہ ایف ٹی آئی آئی میں تقریباً تین ماہ سے جاری تعطل کی وجہ سے ہر روز دس لاکھ روپے کا نقصان ہو رہا ہے ۔ عرضی میں ان طلبا کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کا مطالبہ کیا گیا تھا جو کلاس میں جانے کے خواہشمند ہیں۔قابل ذکر ہے کہ پچھلے 88 دن سے ایف ٹی آئی آئی کے طلبا ٹی وی اداکار اور بی جے پی رکن گجیندر چوہان کو ہٹانے کی مانگ کو لے کر تحریک چلا رہے ہیں۔ دریں اثنا ایف ٹی آئی آئی کو طلبا نے خبردار کیا کہ اگر ان کی مانگ نہیں مانی گئی تو وہ غیرمعینہ مدت کے لئے بھوک ہڑتال کریں گے ۔