لکھنؤ (نامہ نگار)۔تہوار سے کچھ دن قبل سپلائی محکمہ نے جمعہ کو راجدھانی میں ناجائز گیس ریفلنگ کا بڑا انکشاف کیاہے ۔ ٹیم کو چھاپہ ماری کے دوران دھنیا مہری پل کے نزدیک ایک مکان میں ۵۴گھریلو سلنڈروں کے ساتھ ۳ تجارتی سلینڈر ملے ہیں ۔ ٹیم نے موقع پر سرسوتی گیس ایجنسی کی ۱۱۷ پرچیوں کے ساتھ ساتھ دیگر ریفلنگ کا سامان برآمد کیاہے ۔ اس معاملہ میں ضلع سپلائی افسر کی جانب سے ناجائز کاروباری اور گیس تقسیم ایجنسی دونوں کے خلاف تھانہ میں ابتدائی رپورٹ درج کرائی گئی ہے ۔ ضلع سپلائی افسر ابھے سنگھ نے بتایا کہ دھنیا مہری پل کے نزدیک ناجائز گیس ری
فلینگ کے کاروبار کی اطلاع ملی تھی اس کو سنجیدگی سے محکمہ جاتی سرکل افسروں اور انسپکٹروں کی ٹیم نے گھریلو سلینڈروں کی ناجائز ریفلنگ کا کام کرنے والوں کی تفتیش کی ۔ ٹیم نے تمام ثبوتوں کی تصدیق ہونے کے بعد ناپ تول محکمہ اور مقامی پولیس کے ساتھ مل کر جمعہ کی صبح ساڑھے گیارہ بجے چھاپہ مارا ۔ اس میں سی ایم ایس انٹرکالج کے سامنے مکان نمبر ۳۱۷؍۱۱کے رہنے والے پرمود اوستھی ولد سریش اوستھی کے مکان پر چھاپہ مارا ، چھاپہ کی کارروائی ہوتی دیکھ کر پرمود اوستھی گھر سے فرار ہوگیا۔ لیکن اس کے مکان کی تلاشی میں سرسوتی گیس ایجنسی کی ۱۱۷ پرچیاں اور گھریلو ، تجارتی سلینڈر برآمد ہوئے ہیں ۔ اس میںپرمود اوستھی اپنے مکان میں ناجائز ریفلنگ کاکام کرنے کے ساتھ ہی گھر کے سامنے بنے پارک میں بھی جنگی پیمانہ پر ریفلنگ کا کام کرتا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ چھاپہ ماری میں ملزم کے گھر سے ۹گھریلو سلینڈر اور ایک تجارتی سلینڈر برآمد ہوا ہے جب کہ اس کے گھر کے ٹھیک سامنے پارک سے ۴۵گھریلو اور ۲تجارتی سلینڈر کے علاوہ ایک اسپرنگ بیلینس اور ۲ریفلر برآمد کئے گئے ہیں ۔
چھاپہ ماری مہم میں کل ۵۷سلینڈر برآمد ہوئے جس میں ۳تجارتی اور ۵۴گھریلو سلینڈر شامل ہیں ۔ ضلع سپلائی افسر کے مطابق اس چھاپہ ماری میں برآمد سلینڈر اور دیگر سامان راجہ جی پورم گیس سروس کے سپرد کیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی سرسوتی گیس سروس کے ڈلیوری مین کے ملوث ہونے اور اس کے گھر سے الگ الگ نام کے صارفین کی ہوم ڈلیوری کے لئے کٹی پرچیاں برآمد ہونے کو سنجیدگی سے لیا گیا ہے ۔ اس معاملہ میں سرسوتی گیس سروس اور اس کے ڈلیوری مین پرمود اوستھی کے خلاف ابتدائی رپورٹ درج کرائی گئی ہے ۔ اس ایجنسی کے خلاف پہلے بھی شکایتیں ملتی رہی ہیں لیکن پہلی مرتبہ بڑے پیمانہ پر سپلائی محکمہ اور ناپ تول محکمہ کی جانب سے مشترکہ کارروائی کی گئی ہے ۔ چھاپہ ماری کرنے پہنچی ٹیم میں ضلع سپلائی افسر ابھیے سنگھ ، علاقائی غذائی افسر چوک منوج اتم ، راجہ جی پورم انسپکٹر وشو ناتھ یادو ، حضرت گنج انسپکٹر امت سنگھ ، ہیڈ کوارٹر افسر وکاس کمار سنگھ ، سمیت کمار اور ناپ تول محکمہ کے آر آر کاملے شامل تھے ۔ اس معاملہ میں سپلائی محکمہ کی جانب سے ضلع مجسٹریٹ اور متعلقہ پٹرولیم کمپنی کو بھی رپورٹ بنا کر بھیجنے کی کاروائی کی جارہی ہے ۔