ممبئی: بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ ودیا بالن کے بارے میں سننے میں آیا ہے کہ انھوں نے اب بھارت کی مشہور آنجہانی اداکارہ سچترا سین کی زندگی پر بننے والی فلم میں کام کرنے کی حامی بھر لی ہے۔عمران ہاشمی کے ساتھ اپنی نئی آنے والی فلم ڈائریکٹر موہت سوری کی ’’ہماری ادھوری کہانی ‘‘ کی شوٹنگ مکمل کرنے کے بعد اب اپنے نئے فلمی پروجیکٹ کے بارے میں غور کرنا شروع کر دیا ہے۔ ودیا بالن کو اس وقت چار نئی فلموں میں کام کرنے کی آفر ہے جن میں سے دو فلمیں بائیوپک ہیں‘ ان میں سے ایک پاکستان کی سابق وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو کی زندگی پر بننے والی فلم ہے اور دوسری آنجہانی اداکارہ سچترا سین کی زندگی پر مبنی ہے۔اس کے علاوہ بھی ودیا بالن کے پاس مزید دو فلموں کے اسکرپٹ ہیں جن میں سے ایک روم کوم اور دوسری لو اسٹوری ہے۔ بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ودیا کا کہنا تھا کہ اس کے پاس چار اسکرپٹ ہیں اور عمران ہاشمی کی فلم کی ریلیز سے پہلے ہی میں ان
میں سے کسی ایک پر کام شروع کر دوں گی۔ اب تازہ اطلاعات ہیں کہ ودیا بالن سچترا سین کی بائیو پک کرنے کے لیے متفق ہوگئی ہیں اور اس فلم پر کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ سچترا سین کی زندگی پر بننے والی اس فلم کی شوٹنگ شروع ہونے سے قبل ودیا بالن کتھک ڈانس کی تربیت لیں گی اور اس کے لیے ایک ڈانس ٹیچر کی خدمات بھی حاصل کریں گی‘ پی ٹی جایو رامن کو لکھنؤ سے بلوایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کتھک ڈانس کا یہ ٹریننگ پروگرام اگلے ہفتے سے شروع ہوکر دو ہفتوں تک رہے گا۔ودیا کو سچترا سین کے کردار سے متعلق آگاہی دی جا چکی ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ شوٹنگ سے قبل ہی سیٹ مکمل تیار کرلیے جائیں۔ ودیا بالن کے ترجمان نے بھی ان کے سچترا سین کے کردار ادا کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔