ممبئی۔سچن تندولکر اور سورو گنگولی نے کثیر انتظارکے بعد انڈین سپر لیگ کی فرنچائزی خریدکر فٹ بال میں بھی اپنی قسمت آزمانے کا اہم فیصلہ کیا ہے ۔اس لیگ کے منتظمین نے آج ان آٹھ فرنچائزی ٹیموں کا اعلان کیاجو ہندوستانی فٹ بال کو نئی اونچائیوں تک پہنچا سکتی ہے ۔یہ لیگ ستمبر سے نومبر کے درمیان منعقد کی جائے گی اور آرگنائزرآئی ایم جی ریلائنس نے سات رکنی پینل کی تشخیص کے بعد اس کی آٹھ فرنچائزی ٹیموں کے مالکان کا اعلان کیا۔ تندولکر نے پی وی پی وینچرز کے ساتھ مل کر کوچی فرنچائزی خریدی جبکہ گنگولی ہسپانوی لیگ کے بڑے ایٹلیٹکو میڈرڈ اور تاجر ہرشوردھن نیوتیا ، سنجیو گوئنکا اور پاریکھ کے ساتھ گروپ بنا کر کولکتہ فرنچائزی کے مالک بنے۔ ممبئی فرنچائزی بالی ووڈ اسٹار رنبیر کپور اور بمل پاریکھ نے جبکہ ایک اور ستارے سلمان خان نے وادھوان گروپ کے کپل وادھوان اور دھیرج وادھوان کے ساتھ مل کر پونے فرنچائزی خریدی ۔ایک اور اداکار جان ابراہم نے آئی لیگ ٹیم شلناگ لاجوگ کے ساتھ مل کر گوہاٹی واقع فرنچائزی اپنے نام کی ۔ سمیر منچندا کی قیادت والے ڈین نیٹ ورک نے دہلی ، آئی پی ایل ٹیم حیدرآباد سن رائزس کے مالک سن گروپ نے بنگلور اور ویڈیوکان کے وینو گوپال دھوت ، دتتاراج سالگاونکر اور سرینیواس وی ڈیمپو نے گوا فرنچائزی خریدی ۔