نئی دہلی، 4 فروری (یو این آئی)دنیائے کرکٹ ک ے عظیم کھلاڑی سچن تندولکر اور معروف سائنسداں سی این آر راؤ کو آج ملک کے اعلی ترین شہری ایوارڈ بھارت رتن سے سرفراز کیا گیا۔صدر پرنب مکھرجی نے راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک پرشکوہ تقریب میں دونوں ہستیوں کو بھارت رتن سے نوازا۔ مسٹر پرنب مکھرجی نے تندولکر کو جب یہ اعزاز دیاتو پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔اپنے شاندار کھیل سے کئی ریکارڈ بنانے والے تندولکر نے گزشتہ سال نومبر میں بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی اختیار کرلی تھی۔ حکومت نے اسی دن انہیں بھارت رتن سے نوازنے کا اعلان کیا تھا۔سی بی رمن اور سابق صدر اے پی جے عبدالکلام کے بعد مسٹر راؤ یہ اعزاز پانے والے تیسرے سائنسداں ہیں۔ ان کے 1400 سے زیادہ تحقیقی مقالے شائع ہوچکے ہیں۔اس تقریب میں نائب صدر محمد حامد انصاری، وزیراعظم منموہن سنگھ، کانگریس صدر سونیا گاندھی، مرکزی وزراء اور نامور شخصیات موجود تھیں۔ تندولکر کی اہلیہ انجلی اور بیٹی سارا اور مسٹر راؤ کی اہلیہ اور بیٹا بھی تقریب میں موجود تھے۔