نئی دہلی 6 اکتوبر (یو این آئی) بھارت رتن اعزاز یافتہ دنیا ئے کرکٹ کے عظیم کھلاڑی اور راشٹریہ سوچھتا مشن کے برانڈ امبیسڈر سچن تندولکر نے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور انہیں صفائی مہم میں ہر طرح کی مدد کرنے کا یقین دلایا اور اس مہم کی تعریف بھی کی۔ مسٹر تندولکر نے مسٹر مودی سے مل کر انہیں راشٹریہ سوچھتا مشن کا برانڈ امبیسڈر بنائے جانے پر شکریہ ادا کیا۔ مسٹر تندولکر کے ساتھ ان کی بیوی انجلی بھی تھیں۔ انہوں نے وزیر اعظم کو بتایا کہ وہ سانسد آدرش گرام یوجنا کے تحت ایک گاؤں گود لینا چاہتے ہیں اور اسکول و کالجوں میں کھیل کے فروغ کے لئے کچھ کرنا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ مسٹر مودی نے دو اکتوبر کو بابائے قوم مہاتما گاندھی کی جینتی پر راشٹریہ سوچھتا مشن کی شروعات کرتے ہوئے نو معروف ہستیوں کو اس مہم کا برانڈ امبیسڈر بنایا تھا جن میں ایک سچن تندولکر بھی ہیں ۔مسٹر تندولکر نے مسٹر مودی سے کہا کہ وہ راشٹریہ سوچھتا مشن میں حکومت
کو ہر طرح کی مدد دینے کو تیار ہیں اور انہیں اس کام میں بے حد خوشی ہوگی۔ یہ ان کے لئے فخر کی بات ہے انہوں نے وزیر اعظم کو ان کی اس مہم کے لئے مبارک باد بھی دی۔ وزیر اعظم نے مسٹر تندولکر سے اس مہم کے نفاذ کے بارے میں بات کی اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔