لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ اٹونجہ علاقہ کے بیلوا گاؤںکے نزدیک بدھ کی دیر شام سڑک حادثہ میں زخمی بزرگ کی ٹراما سینٹرمیں دوران علاج موت ہو گئی۔ متوفی بی بی پور گاؤں کا رہنے والا تھا وہ سدھولی کسی کام سے گیا تھا جہاں سے وہ دیر شام گھر واپس جا رہا تھا۔ دوسری جانب علی گنج میں تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل سوار نوجوان کو کچل دیا جس سے اس کی موت ہو گئی۔ وہیں آشیانہ علاقہ میں کار نے دکان کے سامنے تخت پر سو رہے دکاندار پر ٹکر مار دی جس سے اس نے دم توڑ دیا۔
اٹونجہ کے بی بی پور گاؤں کے ۷۲ سالہ گجودھرپال کسی کام سے سدھولی گئے تھے جہاں سے وہ دیر شام اپنے گھر واپس آرہے تھے۔ تبھی بیلوا گاؤں کے نزدیک سیتاپور روڈ پر موٹر سائیکل سے ٹکر ہو گئی جس سے وہ شدید طور سے زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پہنچی پولیس نے زخمی گجودھر کو ٹراما سینٹر بھیجا گیا جہاں جمعرات کو ان کی موت ہو گئی۔ دوسری جانب جانکی پورم کے سیکٹر ایچ کا رہنے والا ۳۹ سالہ اسیت سکسینہ اپنی موٹر سائیکل سے جا رہا تھا اس دوران پرنیا کے نزدیک تیز رفتار بس یوپی ۳۱ ٹی ۶۷۶۱ نے اس کی موٹر سائیکل میں ٹکر مار دی۔ جس سے وہ گر پڑا تبھی وہ تیز رفتار بس کی زد میں آگیا۔ ڈرائیور نے بس کو روکنے کے بجائے رفتار تیز کر دی جس سے زخمی اسیت سکسینہ کی موت ہو گئی۔ مقامی لوگوں نے بس کے ڈرائیور کوپکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ بس چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ راہ گیروں کی اطلاع پر پہنچی پولیس نے لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔
اس کے علاوہ شراوستی کا رہنے والا چوبیس سالہ راجو یہاں آشیانہ علاقہ میں واقع اومیکس سٹی کے سامنے چائے کی دکان چلاتا تھا۔ بدھ کی رات وہ دکان کے باہر تخت پر سو رہا تھا اس دوران تیز رفتار ایئون کار نے اسے ٹکر مار دی جس سے وہ زخمی ہو گیا۔ اس کے چیخنے کی آواز سن کر لوگ وہاں پہنچے۔ زخمی دیکھ کر سے لوک بندھو اسپتال لے گئے جہاں اس کی موت ہو گئی۔