لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ کیرئر ڈینٹل کالج کا کمپاؤنڈر موٹر سائیکل سے ڈیوٹی دینے کیلئے جارہا تھا۔ اسی دوران اس کی ٹکر تانگے سے ہو گئی اور وہ تانگے سے ٹکراکر گر گیا۔ مقامی لوگوں نے اسے اسپتال میں داخل کرایا جہاں علاج کے دوان اس کی موت ہو گئی۔ دوسری جانب موہن لال گنج تھانہ علاقہ میں ایک سڑک حادثہ میں زخمی طالب علم کی علاج کے دوران موت ہو گئی۔ اسی سلسلہ میں جمعرات کی شب سروجنی نگر میں کار اور کنٹینر کی ٹکر میں ایک زخمی نوجوان کی موت ہو گئی۔اس کے علاوہ حضرت گنج میں ایک موٹر سائیکل سوار نوجوان کی بس سے ٹکر ہو گئی۔ زخمی نوجوان کو اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ موصولہ خبر کے مطابق کاکوری کے نوبستہ کلاں کا باشندہ وجے موریہ (۴۰) موٹر سائیکل سے ڈیوٹی پر جا رہا تھا۔ وجے
کیرئر ڈینٹل کالج میں کمپاؤنڈر کے عہدہ پر فائض تھا۔ جاگرس پارک کے سامنے ایک تانگا سڑک پارکر رہا تھا۔ وجے اپنی موٹر سائیکل کی رفتار پر قابو نہیں رکھ سکا اور تانگے سے ٹکرا کر سڑک پر گر گیا۔ شدید زخمی حالت میں مقامی لوگوں نے اسے مقامی اسپتال میں داخل کرایا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔اسی سلسلہ میں موہن لال گنج پتور پورم گاؤں کا باشندہ لال پرتاپ (۱۹) ۱۷؍مارچ کو اپنے دوست کے ساتھ موٹر سائیکل سے ہولی ملنے کیلئے دوست کے گھر جا رہا تھا۔ بھاگو گاؤں کے قریب سجیت کی موٹر سائیکل میں نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی۔ ٹکر لگنے سے سجیت کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ لال پرتاپ کو مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں آج صبح لال پرتاپ کی موت ہو گئی۔ اس کے علاوہ بارہ بنکی کے فتح پور کا باشندہ امت جین (۳۳) ہولی کی خریداری کرنے کیلئے لکھنؤ آیا ہوا تھا۔ امت پریورتن چوک جا رہا تھا۔ راستے میں اس کی موٹر سائیکل میں روڈویز بس نے ٹکر مار دی۔ امت کو لوگوں نے ضلع اسپتال میں داخل کرایا جہاں اس کی موت ہو گئی۔ اس کے علاوہ جمعرات کی دیر رات سروجنی نگر میں تیز رفتار کار کنٹینر سے ٹکرا گئی۔ اس حادثہ میں داؤد اور وشال کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ گولو اور شوبھت کو ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا جہاں علاج کے دوران شوبھت کی موت ہو گئی۔