لکھنؤ۔ چنہٹ علاقہ میں پرائیویٹ کمپنی کا ملازم اپنی بیوی کو لیکر موٹر سائیکل سے گھر واپس آرہا تھا۔ راستے میں اس کی موٹر سائیکل میں ایک ٹرک نے ٹکر ماردی جس سے ایک خاتون کی موت ہو گئی اور اس کا شوہر شدید طور سے زخمی ہو گیا۔ اس کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں میں ہوئے سڑک حادثات میں ایک کسان سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے۔ موصولہ خبر کے مطابق چنہٹ قصبہ کا باشندہ محمد سلیم اپنی بیوی پروین (۴۵) کے ساتھ موٹر سائیکل سے جا رہا تھا۔ جب وہ واپس گھر آرہا تھا تو دیال ریزیڈنسی کے قریب اس کی موٹر سائیکل میں پیچھے سے ٹرک نے ٹکر مار دی۔ ٹکر لگنے کے بعد دونوں شوہر بیوی گر گئے۔ گرنے سے پروین کا سر زخمی ہو گیا جبکہ سلیم کو معمولی چوٹیں آئیں۔ مقامی لوگوں نے انہیں ٹراما سینٹر میں داخل کرایا جہاں علاج کے دوران پروین کی موت ہو گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ سلیم کسی پرائیویٹ کمپنی میں ملازمت کر رہا تھا۔ ایک دیگر سڑک حادثہ میں مال قصبہ کا باشندہ کسان بابو لال (۶۰) ۱۸؍نومبر کو سائیکل سے بازار جا رہا تھا۔ بابو لال جب گھر واپس آرہا تھا تو اس کی سائیکل میں نامعلوم گاڑی نے ٹکر ما ردی۔ ٹکر لگنے کے سبب بابو لال گر گیا اور شدید طور سے زخمی ہو گیا۔ گاؤں کے لوگوں نے اسے پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا۔ دوسری جانب فیض آباد کے پٹرنگا کا باشندہ ڈی ایم ایم ڈرائیور تلسی رام (۴۲) سنیچر کو اپنے دوست رام ناتھ کے ساتھ لکھنؤ آرہا تھا۔ جب تلسی رام بنتھراواقع شکتی فلنگ اسٹیشن پر پہنچا تو سامنے کھڑے ہوئے ٹرک سے اس کی ٹکر ہو گئی۔ ٹکر اتنی زبردست تھی کہ تلسی رام کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ ٹکر کی آواز سن کر مقامی لوگ جائے موقع پرپہنچ گئے اور انہوں نے اس حادثہ کی اطلاع پولیس کو دی۔ زخمی رام ناتھ کو ٹراماسینٹر میں داخل کرایا گیا اور تلسی رام کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیاگیا۔اس کے علاوہ ایک دیگر حادثہ میں موہن لال گنج کے وشرام کھیڑا کا باشندہ معمار انل کمار (۲۴) موٹر سائیکل سے لکھنؤ کسی کام سے آیا ہوا تھا۔ انل جب واپس موہن لال گنج جا رہا تھا تو گوسائیں گنج واقع ارجن گنج ریلوے کراسنگ پر نامعلوم گاڑی نے اس کی موٹر سائیکل میں ٹکر مار دی۔ مقامی لوگوں نے اسے اسپتال میں داخل کرایا جہاں اس کی موت ہو گئی۔