لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ وکاس نگر علاقہ میں آج صبح ڈیوٹی سے گھر لوٹ رہے ایک سبکدوش فوجی اہلکار کی سڑک حادثہ میں موت ہو گئی وہیں غازی پور علاقہ میں منگل کی شام حادثہ میں آواس وکاس کے ایک کلرک کی بھی موت ہو گئی۔ گڑمبا کرسی روڈ گایتری پورم کا باشندہ ۴۵ سالہ سبکدوش فوجی ادے پرتاپ سنگھ کپور تھلا میں واقع ایک پرائیویٹ کمپنی میں بطور گارڈ ملازم تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ دو شنبہ کو اس کی رات کی ڈیوٹی تھی۔ وہ رات کی ڈیوٹی ختم کر کے اپنی موٹر سائیکل سے گھر لوٹ رہا تھا ۔ راستے میں گلاٹی مندر کے پاس تیز رفتار گاڑی نے ادے کی موٹر سائیکل کو ٹکر ما دی۔ حادثہ میں ادے پرتاپ بری طرح زخمی ہو گیا۔ اطلاع پاکر موقع پر پہنچی وکاس نگر پولیس نے زخمی ادے پرتاپ کو علاج کیلئے اسپتال میں داخل کرایا اور اس کی اطلاع کنبہ والوں کو دی۔ خبر پاکر کنبہ کے لوگ بھی ٹراما سینٹر پہنچے۔ علاج کے دوران ادے پرتاپ سنگھ کی موت ہو گئی۔ چوک پولیس نے اس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ اس معاملہ میں متوفی کے بیٹے نے وکاس نگر تھانہ میں رپورٹ درج کرائی ہے وہیں اندرا نگر کا باشندہ سوریہ درشن منی ترپاٹھی (۵۶) نیل گری کامپلکس میں آواس وکاس میں کلرک کے عہدہ پر تعینات تھا۔ منگل کی شام وہ ڈیوٹی ختم کر کے سائیکل سے گھر جا رہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ راستے میں سیکٹر ۲۵ کے پاس ایک ٹرک نے ان کو کچل دیا۔ حادثہ میں زخمی سدرشن کو علاج کیلئے رام منوہر لوہیا اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں اس کی موت ہو گئی۔ غازی پور پولیس نے حادثہ کی خبر اس کے کنبہ والو ں کو دی۔ حادثہ کے بعد ملزم ٹرک ڈرائیور چھوڑ کر فرار ہو گیا۔